ریاست بہار میں مانچسٹر کے نام سے مشہور مانک پور کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ان دنوں کورونا کے تباہی سے کراہ رہی ہے۔ مانک پور بلاک کا پٹوا ٹولی گمچھا (رومال) کی تعمیر کے لیے پورے ملک میں مشہور ہے۔ کورونا کے اس دور میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ماسک دستیاب نہیں ہونے پر گمچھا کے استعمال سے متعلق مشورے کے بعد یہ بحث میں آگیا۔ وہیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے پٹوا ٹولی کا گمچھا انڈسٹری بند پڑا ہے، جس کی وجہ سے تاجروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ صنعت نگری میں ساڑھے نو ہزار الیکٹرک پاورلوم اور ہینڈلوم صنعتی یونٹ چل رہے ہیں۔ پٹوا ٹولی کے ہر پاورلوم میں گمچھا تیار کیا جاتا ہے۔ یہاں پکے رنگ کا سوتی اور ہلکا گمچھا لوگوں کو بہت پسند آتا ہے۔
ریاست بہار کے ضلع گیا کے مانک پور پٹوا ٹولی سے گمچھا بن کر بہار کے تمام اضلاع میں، جھارکھنڈ، اڈیشہ، آسام اور مغربی بنگال تک جاتا ہے۔ گمچھا بنانے کے لیے جنوبی بھارت اور پنجاب سے سوت منگوایا جاتا ہے۔ سوت بنکر اپنے بجٹ کے مطابق کاروبار تقسیم کر لیتے ہیں۔
پٹوا ٹولی کے رہائشی گوپال پٹوا نے بتایا کہ یہاں گرمی کے موسم میں روزانہ ایک لاکھ سے زیادہ گمچھا تیار کیا جاتا تھا۔ یہاں شگن سے لے کر فیشنیبل گمچھا تک تیار کیا جاتا ہے۔ پورے ملک میں گیا کا گمچھا مشہور ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران کام بند ہونے پر مایوس ہو کر اس نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں کو گمچھا استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایسی صورتحال میں مانک پور کی چھوٹی سی صنعت شروع کی جانی چاہئے، تاکہ ہم کورونا کے تحفظ کے لیے زیادہ سے زیادہ تعداد میں گمچھا بنا کر لوگوں کی ضروریات کو پورا کر سکیں۔ اسی دوران، اس سلسلے میں بہار حکومت کے وزیر زراعت پریم کمار نے کہا ہے کہ مانک پور ٹیکسٹائل انڈسٹری یونٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند ہے۔ اس کو چلانے کے لیے ہم مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت سے بات کریں گے۔ جہاں تک ممکن ہو سکے گا میں لاک ڈاؤن کے دوران ہی اسے شروع کرانے کی کوشش کروں گا۔