ریاست بہار میں گوپال گنج نگر تھانہ علاقے کے بنجاری محلے میں جرائم پیشہ افراد نے ایک 50 سالہ شخص کو گولی مار زخمی کر دیا، موقع پر موجود مقامی لوگوں نے زخمی شخص کو صدر ہسپتال میں داخل کرایا، جہاں کے ڈاکٹرز نے دیکھنے کے بعد پٹنہ میں واقع پی ایم سی ایچ ریفر کر دیا۔
واقعے کے سلسلے میں بتایا جا رہا ہے کہ 'بنجاری محلہ رہائشی شاردا نند بھگت اپنے نئے مکان سے گھر واپس آ رہے تھے. اس دوران پہلے سے گھات لگائے جرائم پیشہ افراد نے ان کو گولی مار دی،موقع پر موجود لوگوں نے انہیں فورا صدر ہسپتال میں منتقل کیا، اور پولیس کو اطلاع دی، حالانکہ شاردا نند بھگت کی حالت نازک دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے انہیں پٹنہ ریفر کر دیا، ان کی حالت ابھی بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔
معاملے کی جانکاری ملتے ہی صدر ایس ڈی اوپی نریش پاسوان اپنے عملے کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور معاملے کی چھان بین شروع کر دی،جبکہ شاردا نند بھگت کے اہل خانہ نے اپنے رشتہ داروں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'برسوں سے ایک زمین کو لے کر تنازعہ چل رہا تھا، اسی تنازعہ کو لے کر گولی ماری گئی ہے۔