بہار کے ارریہ میں ایک دل دہلانے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ دراصل ارریہ کے بھرگامہ پنچایت میں وارڈ نمبر 10 میں دو بھائیوں کے درمیان ہوئے جھگڑے میں چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو کدال سے کاٹ کر قتل کر دیا۔ قتل کے بعد قاتل بھائی موقع سے فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لئے پولس چھاپہ ماری کر رہی ہے۔
اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
اطلاع کے مطابق راج کمار ساہ اور جے کمار ساہ کے درمیان کھیت میں پانی پٹانے کو لے کر معمولی کہا سنی ہوئی، راج کمار ساہ اپنے چھوٹے بھائی جے کمار ساہ کے بورنگ میں مشین لگا کر اپنے کھیت کی سینچائی کر رہا تھا۔ چھوٹے بھائی نے اس کی مخالفت کی۔
پھر دیکھتے ہی دیکھتے دونوں بھائی کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔ جھگڑا اس قدر بڑھ گیا کہ 46 سالہ بڑے بھائی راج کمار پر چھوٹے بھائی نے کدال سے حملہ کر کے شدید طور سے زخمی کر دیا، اس کے بعد گولی مار دی۔ واردات انجام دینے کے بعد قاتل بھائی وہاں سے فرار ہو گیا۔
مذکورہ واقعہ کی اطلاع مقامی لوگوں نے بھرگامہ تھانہ کو دی۔ تھانہ صدر اومیش کمار پولس اہلکار کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے اور لاش کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ارریہ صدر اسپتال بھیج دیا۔
وہیں، واقعہ عام ہوتے ہی کھیت میں لوگوں کا ہجوم امڈ پڑا۔ مقتول کے سر پر گہرے زخم کے نشان اور پاؤں میں گولی لگنے کا نشان تھا۔ واردات کی جگہ سے پولیس نے ایک کارتوس بھی برآمد کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کسانوں نے زرعی قوانین کی کاپیاں جلاکر احتجاج کیا
پولس نے بتایا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور قاتل کی گرفتاری کے لئے پولیس مسلسل چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ ملزم جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔