ریاست بہار کے ضلع گیا میں رام نومی کے موقع پر پرتشدد واقعہ کو انجام دینے والوں پر پولیس کی کاروائی تیز ہوگئی ہے، ایس ایس پی آشیش کمار بھارتی نے کہا اب تک 22 افراد جنہوں نے تشدد کیا تھا انکی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مزید گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ، زیادہ ہنگامی آرائی چاکند تھانہ حلقہ میں ہوئی تھی ، یہاں چار ایف آئی آردرج ہوئی ہے۔جس میں پولیس نے اپنی طرف سے پرتشدد واقعہ اور پولیس پر حملہ کرنے کے معاملے پر ایک ایف آئی آر درج کیا ہے جبکہ دونوں طبقے کی طرف سے ایک ایک ایف آئی آردرج ہوئی ہے جبکہ ایک چوتھی ایف آئی آر پرتشدد واقعہ کے بعد زبردستی چاکند بازار کو بند کرانے کے معاملے کو لیکر درج ہوئی ہے۔
ایس ایس پی آشیش کمار بھارتی نے کہاکہ ضلع گیا میں جن جگہوں پر معمولی تنازع ہوئے تھے، وہاں بھی اب حالات بہتر اور معمول پر ہیں کسی طرح کی پریشانی نہیں ہے البتہ اب پولیس کی کاروائی تیز کردی گئی ہے ایس ایس پی نے کہاکہ رام نومی کے موقع پر ضلع کے چاکند کے علاوہ شیرگھاٹی اور بارہ چٹی تھانہ حلقہ میں ماحول بگاڑا گیا تھا۔ لیکن پولیس کی مستعدی اور بروقت کارروائی نے حالات کو مزید آگے بگڑنے نہیں دیا اس میں پولیس کو مقامی باشندوں کا بھی بھرپور تعاون ملا ہے۔
ضلع میں پولیس کی طرف سے کل بائیس افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اتفاق یہ کہ جن بائیس افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، اس میں دونوں طبقے کے لوگ برابر ہیں، انصاری مہاپنچایت کے کنوینر وسیم نیئر انصاری نے پولیس کی کاروائی کو منصفانہ کاروائی سے پرے بتایا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی ان گرفتاریوں پر سوال کھڑے کیے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ پولیس نے کچھ ایسے افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔جو ضعیف ہیں۔جنکی عمر ستر پچھہتر برس ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ بلاتفریق منصفانہ طریقے سے پولیس کی کاروائی ہورہی ہے ویڈیو فوٹیج اور پختہ ثبوت کی بناء پر پولیس کی کاروائی ہوِئی ہے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ اہل گیا کو ہم یقین دلاتے ہیں کہ امن وقانون کو ہر حال میں قائم رکھاجائے گا۔ پولیس انہی پر کاروائی کررہی ہے جنہوں نے ہنگامہ کیا
ضلع گیا میں وقوع پذیر تشدد کے پہلے سے ہی افواہوں کا بازار گرم ہوگیا تھا اب ضلع میں حالات معمول پر ہیں۔ لیکن ابھی سوشل میڈیا پر چند تبصرے اور چھوٹی خبریں پھیلانے کی کوشش جاری ہے۔ ایس ایس پی نے اس کو روکنے کے لیے سائبر سیل اور سوشل میڈیا سیل کو ایک ساتھ کرکے ایسے لوگوں کی نشاندہی کرائی ہے۔
مزید پڑھیں:Chaos In Bihar Assemblyبہار فساد معاملے پر اسمبلی میں زبردست ہنگامہ
سارے فوٹیج اور تحریر کو نکلواکر جمع کیا ہے ایسے لوگوں کی بھی گرفتاری شروع ہوچکی ہے، واضح رہے کہ ضلع گیا میں سب سے زیادہ چاکند تھانہ حلقہ کے ڈبو نگر گاوں میں حالات بگڑے تھے یہاں شرپسندوں نے گاوں پر حملہ کردیا تھا پولیس جوانوں کے ساتھ کئی مقامی افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔