جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، فوج اور ایس ایس بی نے ضلع بارہمولہ کے ووسن، پٹن علاقے میں ایک ناکے کے دوران تین افراد کو اس وقت حراست میں لے لیا جب انہوں نے ناکے پر حفاظتی اہلکاروں کی موجودگی کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔
حفاظتی اہلکاروں نے انہیں فوری طور حراست میں لے لیا جبکہ انکی تحویل سے دو گرینیڈ بھی برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ تینوں افراد عسکری تنظیم لشکر طیبہ کے ساتھ وابستہ ہیں اور بطور اوور گرائونڈ ورکر (Over Ground Workers) کام کر رہے ہیں۔ تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پلہالن علاقے میں ہوئے گرینیڈ حملے میں بھی تینوں افراد ذمہ دار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پلہالن علاقے میں نومبر 17 کو ایک گرینیڈ داغا گیا جس کے نتیجے میں پورے علاقہ میں ہل چل مچ گئی تھی۔
حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف پولیس سٹیشن پٹن میں کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت آصف احمد ریشی ولد نثار احمد ریشی، معراج الدین ڈار ولد ثناءاللہ ڈار اور فیصل حبیب لون ولد حبیب اللہ لون ساکنان گنڈ جہانگیر، بانڈی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔