قومی تحقیقاتی ایجنسی NIA کی جانب سے جمعرات کو وادی کشمیر کے متعدد مقامات پر چھاپے ماری جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق 'این آئی اے کے اہلکار جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر مختلف مقامات پر چھاپے مار رہے ہیں، بشمول سرینگر، بڈگام، ٹنگمرگ اور کنزر سمیت دیگر مقامات پر چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ یہ کارروائی عسکریت پسندانہ سرگرمیوں کے سلسلے میں کی جا رہی ہے۔ NIA Raids at Multiple Locations in Jammu & Kashmir
ذرائع کا کہنا تھا کہ 'این آئی اے کی ٹیم نے ارسلان فیروز اہنگر ولد فیروز احمد اہانگر ساکنہ زلداگر کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ارسلان پہلے ہی دسمبر 2021 سے این آئی اے کی حراست میں ہے۔ ایجنسی نے سرینگر کے علاقے مصطفی آباد زینا کوٹ کے رہائشی اعجاز احمد ڈار ولد عبدالصمد ڈار کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔
اسی طرح سمیر احمد گنی ولد محمد یعقوب ساکنہ بونا پورہ نوگام جو پیشہ سے سیلز مین ہے اور ریٹائرڈ سرکاری ملازم محمد مقبول بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن النور کالونی چنا پورہ کے گھر کی بھی قومی ایجنسی کی طرف سے مکمل تلاشی لی گئی۔
دریں اثنا، ذرائع نے سرینگر کے بینک کالونی باغ مہتاب علاقے، بڈگام کے اریپٹن گاؤں، پامپور کے تل باغ علاقے، بارہمولہ کے ٹنگمرگ علاقے اور کئی دیگر مقامات پر این آئی اے کے چھاپوں کی بھی تصدیق کی ہے۔ بارہمولہ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ذریعے کا کہنا تھا کہ الصبح ایجنسی نے ٹنگمرگ اور کنزر علاقوں میں چھاپہ مار کاروائی کی اور اس دوران انہوں نے غلام نبی نجار ولد اسداللہ بھارت ساکنہ ٹنگمرگ کے گھر میں تلاشی لی۔
یہ بھی پڑھیں: NIA Raids in Kashmir: کشمیر میں این آئی اے کی تازہ چھاپہ مار کارروائیاں