شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبہ میں دریائے جہلم کے کنارے گندگی کے ڈھیر جمع کرنے پر مہاراج پورہ کی عوام نے میونسپلٹی کے تئیں ناراضگی کا ظہار کیا ہے۔
مہاراج پورہ کی عوام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’میونسپلٹی نے یہاں کوڑا کرکٹ جمع کرکے عوام کو سخت مشکلات میں مبتلا کیا ہے۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے بتایا کہ ’’عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب جہاں ہر ایک فرد بشر پریشان ہے اور سرکار کی جانب سے صاف صفائی کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں وہیں سوپور میونسپلٹی گندگی کے ڈھیر یہاں جمع کرکے بیماریوں کو دعوت دے رہی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ کوڑے کرکٹ سے خارج ہونے والی بدبو سے مقامی آبادی کی زندگی اجیرن بن کے رہ گئی ہے۔
اس سلسلے میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے سپور میونسپلٹی کے چیف ایگزیکٹیو افسر سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی تاہم ان سے رابطہ قائم نہ ہو سکا۔