بارہمولہ: شمالی کشمیر ضلع بارہمولہ کے ناگناری گاؤں سے تعلق رکھنے والے واحد مخدومی نے اپنے گھر سے ہی مرغیوں کا کاروبار شروع کیا، واحد مخدومی کا یہ کاروبار چلنے کے ساتھ ساتھ پورے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لئے ایک مثال بھی بن گیا۔ واحد مخدومی نے بیرون ممالک کے مختلف اقسام کے مرغے وادی کشمیر میں لاکر فروخت کرنا شروع کیا۔ انہوں نے سیاحت میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ باوجود اس کے انہوں نے اپنا کاروبار شروع کیا۔
واحد مخدومی نے وادی کشمیر بالخصوص ضلع بارہمولہ میں مختلف اقسام کی غیر ملکی چکن نسلوں سے کاروبار شروع کیا تھا، جن میں جاپانی، اوناگاڈوری، سلور سبرائٹ، کولمبیا براما، اسیل، روہدے جزیرہ سرخ،روہدہ آئی لینڈ،اور کندکھ ناتھ قسم مرغے موجود ہیں۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے واحد مخدومی نے بتایا کہ کاروبار کو شروع کئے ابھی دو مہینے ہی مکمل ہوئے ہیں لیکن مجھے کافی سپورٹ مل رہا ہےاور مجھے امید ہے کہ آنے والے چھ مہینوں تک میں پورے وادی کشمیر کے اندر اس کاروبار کو پہچانے میں کامیاب ہوجاؤں گا، جس سے اور نوجوان اس کاروبار سے جڑ سکتے ہیں اور وہ بھی اپنا روزگار کما سکتے ہیں۔
مذکورہ نوجوان کا کہنا ہے کہ مرغیوں کو پالنے کا مجھے کافی شوق ہے۔ پہلے میں نے مرغیوں کے کچھ اقسام وادی کشمیر لاکر یہاں کے مقامی لوگوں کی دکھایا تھا، جس کے بعد مجھے پہلے اپنے والدین، دوستوں، رشتہ داروں کا کافی زیادہ تعاون ملا۔ جس کے بعد میں یہ عہد کیا کہ مجھے اب اسی کاروبار کو فروغ دینا ہے تاکہ میں اس میں اچھا کاروبار کر سکوں اور جموں و کشمیر کے دیگر نوجوانوں کو بھی اس روزگار سے جوڑ سکوں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی مجھے ایک لاکھ تک کا منافع حاصل ہوا ہے۔ یہ صرف مجھے سوشل میڈیا کے ذریعے سے ہی ملا ہیں کیونکہ اس کاروبار کو میں نے اپنے سوشل میڈیا کے ذریعے سے یہاں کے لوگوں تک پہنچایا۔ آج کل ہر ایک انسان سوشل میڈیا کے ساتھ منسلک ہے ۔جس سے مجھے پتہ چلا کہ اگر مجھے اس کاروبار کو بڑھانا ہے تو مجھے اسی کا سہارا لینا چاہئے۔ مذکورہ نوجوان کا کہنا ہے کہ مین کافی خوش ہوں اس کاروبار سے کیونکہ میں اس وقت اپنے اس کاروبار سے ایک تو اپنا گھر چلا رہا ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ وادی کے متعدد نوجوان آہستہ آہستہ مجھ سے جڑ رہے ہیں، جس سے مجھے کافی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں نے اس انوکھے کاروبار کی شروعات کی ہے۔
انہوں نے یہاں کے مقامی نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نوکریوں کے بجائے سرکاری اسکیموں کا فائدہ حاصل کرنا چاہئے۔ تاکہ وقت پر ایک نوجوان اپنے کاروبار کی شروعات کر کامیابی حاصل کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: Mushroom Cultivated in Winter موسم سرما کے دوران مشروم کی کاشت کا کامیاب تجربہ