ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبہ سے دس کلو میٹر کی دوری پر واقع حلقہ زینہ گیر میں لوگوں نے بنیادی سہولیات کی محرومی کے سبب انتظامیہ کے تئیں ناراضگی کا اظہار کیا۔
ایک مقامی سماجی کارکن نے بتایا کہ زینہ گیر علاقے میں بنیادی ضروریات کی محرومی کے سبب لوگوں کو کافی مشکلات درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دس سال قبل زینہ گیر، بوٹینگو میں طبی مرکز کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا۔ تاہم ’’نا معلوم وجوہات کی بنا پر طبی مرکز کا کام آج تک مکمل نہ ہونے سے مقامی باشندوں کو طبی سہولیات کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ معمولی معائنہ کے لیے لوگوں کو سوپور سب ضلع اسپتال جانا پڑتا ہے جس کے لیے انہیں کافی زحمت اٹھانی پڑتی ہے۔
علاقے میں فائر اینڈ ایمرجنسی خدمات نہ ہونے کے سبب بھی علاقے میں ہنگامی صورتحال کے دوران کئی مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ’’آتشزدگی کے واقعات کے دوران جب تک فائر سروس کی گاڑی سوپور سے یہاں پہنچتی ہے تب تک آتشزدگی کے سبب املاک راکھ کے ڈھیر می تبدیل ہو جاتی ہیں۔‘‘
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کثیر آبادی والے زینہ گیر علاقے میں کھیل کے میدان نہ ہونے سے مقامی بچے کھیل کود کی سرگرمیوں میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طبی مرکز کی جلد تعمیر، فائر اینڈ ایمرجنسی خدمات اور علاقے میں کھیل کے میدانوں کی تعمیر سمیت دیگر کئی مطالبات کے حوالے سے انہوں نے ضلع انتظامیہ کو گزارشات کے علاوہ احتجاج بھی کیے تاہم، ان کے مطابق، کثیر آبادی والے علاقے کو بنیادی ضروریات کے حوالے سے جان بوجھ کر محروم رکھا جا رہا ہے۔