شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقہ میں تحصیلدار اور نائب تحصیلدار پر گزشتہ روز ایک انہدامی کارروائی کے دوران کچھ شرپسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ اور تحصیل دفتر کے دیگر تین ملازمین زخمی ہوگئے ہیں۔ وہ حاجن علاقے کے ایک گاؤں میں غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کی غرض سے گئے تھے۔ تاہم اس دوران ان پر کچھ افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں تحصیلدار حاجن کے علاوہ نائب تحصیلدار اور دیگر تین ملازمین کو معمولی چوٹیں آئیں اور انہیں مقامی اسپتال میں پہنچایا گیا-
متعلقہ پولیس نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے اور اس کی کارروائی شروع کردی ہے-
تحصیلدار حاجن نے قانون کے متعلقہ سیکشنز کے تحت ایف آئی آر درج کرانے اور جلد از جلد ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس سے رابطہ کیا۔
تحصیلدار نے اس حملے کو غنڈہ گردی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے تھے تاہم حملہ آوروں کا مقصد تھا کہ وہ انہدامی کارروائی میں خلل ڈالیں-
انہوں نے کہا کہ جہاں بھی اور جس نے بھی سرکاری اراضی یا کاہ چرائی پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا ہے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی-