شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے علاقے نیسبل سے تعلق رکھنے والے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما یاسر ریشی نے باضابطہ طور پر پارٹی کو اپنا استعفیٰ لیٹر ارسال کردیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے یاسر ریشی نے کہا کہ انہوں نے تقریبا دو سال قبل ہی پارٹی سے علیٰحدگی اختیار کرلی تھی اور آج انہوں نے باضابطہ طور پر پارٹی سے استعفی دے دیا ہے۔
مستقبل میں کس پارٹی میں شامل ہونے کے جواب میں یاسر ریشی نے کہا کہ وہ اس معاملے پر اپنے حامیوں سے بات چیت کرنے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ لیں گے۔ ریشی پی ڈی پی کے دوسرے ایسے رہنما ہیں جنھوں نے آج پارٹی سے علیٰحدگی اختیار کر لی۔
اس سے قبل ہی سینیئر رہنما خورشید عالم نے بھی پارٹی کے سیاسی وژن اور حکمت عملی کے فقدان کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔