شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے قاضی پورہ میں مشتاق احمد شیخ، عبد الحمید شیخ اور حسینہ بیگم ولد مرحوم امیر دین شیخ کا ایک منزلہ مکان 12 اور 13 مارچ کی درمیانی شب کو بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ کی ایک ہولناک واردات میں پوری طرح سے خاکستر ہو گیا۔
اس ایک منزلہ اور پرانے مکان کے چار کمروں میں مشتاق احمد شیخ اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ رہ رہے تھے۔ اس کے علاوہ عبد الحمید شیخ اپنی بزرگ ماں کے ساتھ جبکہ ان کی بہن حسینہ بیگم اپنے تین بچوں کے ساتھ مقیم تھیں۔ یہ سبھی افراد بے حد پسماندگی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں اور مزدوری کر کے اپنے اہل و عیال کا پیٹ پال رہے ہیں۔
مقامی افراد نے کہا کہ آگ اتنی ہولناک تھی کہ وہ بمشکل ہی گھر کے افراد اور بچوں کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوئے جبکہ اس دوران گھر کی ہر ایک چیز منٹوں میں خاکستر ہوگئی۔
مقامی افراد نے مقامی انتظامیہ اور دیگر ایسے سبھی اشخاص کو اس بے حد پسماندہ اور مستحق گھر کے افراد کے لئے مدد کی اپیل کی ہے۔