جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے کانفرنس ہال میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بانڈی پورہ کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی سی بانڈی پورہ نے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے حقوق اور عالمی یوم خواتین کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے خواتین کے لیے تیار کی گئیں فلاحی اسکیمز کو عملی جامہ پہنانے میں ضلع انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
پروگرام کے دوران ان خواتین کو ایوارڈز سے سرفراز کیا گیا جنہوں نے مختلف امتحانات اور کھیلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کو بین الاقوامی سطح پر منانے کا مقصد دنیا بھر میں مردوں کو خواتین کی اہمیت سے آگاہ کرانا اور لوگوں میں خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے پیش قدمی کی ترغیب دینا ہے۔ دنیا میں سب سے پہلا عالمی یوم خواتین 19 مارچ سن 1911 ء کو منایا گیا پھر سن 1977 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یہ بل پاس کیا کہ خواتین کا بین الاقوامی دن ہر سال آٹھ مارچ کو باقاعدہ طور پر منایا جائے گا۔