گوہاٹی: آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان سے 'ہر گھر ترنگا' کی تقریبات کے اختتام تک ریاست کا دورہ ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے۔ ہیمنت شرما نے جمعہ کے روز میڈیا کو بتایا، "عامر خان نے مجھ سے بات کی، وہ یوم آزادی کی تقریبات کے دوران آسام آنے کا ارادہ رکھتے تھے، لیکن اس سے آزادی کے امرت مہوتسو سے توجہ ہٹ سکتی ہے۔ اس لیے میں نے انہیں 15 اگست کے بعد کی تاریخ طے کرنے کو کہا ہے"۔ CM Himanta Biswa Sarma Asks Aamir Khan to Postpone Assam Visit
ذرائع نے بتایا ہے کہ عامر خان اپنی تازہ ترین ریلیز ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی تشہیر کرنا چاہتے ہیں۔ یہ فلم ہالی ووڈ کی مشہور فلم "فاریسٹ گمپ" کا ریمیک ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ اداکار عامر یوم آزادی کے بعد آسام آنے پر رضامند ہوئے ہیں یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Laal Singh Chaddha Review: عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا سینما گھروں میں ریلز، جانئے ناظرین کی رائے
واضح ر ہے کہ عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا گزشتہ کچھ دنوں سے تنازعات میں گھری ہوئی ہے۔ سماج کے کچھ طبقے فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ فلم کی مخالفت کرنے والے لوگوں کا دعویٰ ہے کہ عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا میں بھارتی فوج کی تذلیل ہوتی ہے، جب کہ کچھ لوگ عامر کے سابقہ بیانات سے ناراض ہیں۔
یو این آئی