دلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تلگو دیشم کے راجیہ سبھا رکن رویندر کمار نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت متحدہ اے پی کی تقسیم کے پانچ برس بعد بھی آندھرا پردیش کے ساتھ کیے گئے وعدو ں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق ریاست کے لیے خصوصی درجہ حاصل کرنے کی ذمہ داری وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے تلگو دیشم کے خلاف وائی ایس آر کانگریس کے ایم پی وجے سائی ریڈی کی جانب سے کی گئی نکتہ چینی پر اعتراض کیا۔ اسی دوران کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ آندھر اپردیش کو خصوصی درجہ عطا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر فائنانس نرملا سیتا رمن کی جانب سے لوک سبھا میں دیا گیا بیان کہ آندھر اپردیش کو خصوصی درجہ دیے جانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، سے اس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ کس طرح مرکز اس معاملے میں عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بات یاد دلائی کہ اُس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے پارلیمنٹ میں اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ آندھرا پردیش کو خصوصی درجہ دیا جائے گا۔ کانگریس کے ترجمان نے یہ الزام عائد کیا کہ مودی حکومت نے منموہن سنگھ کے اس بیان کا بالکل بھی احترام نہیں کیا ہے۔