اننت ناگ (جموں کشمیر) : ضلع انتظامیہ اننت ناگ کی جانب سے گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول، بجبہاڑہ، میں سویپ آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء کو ضلع میں سویپ پروگرام کے کردار اور اہمیت کے بارے میں روشناس کرایا گیا تاکہ عام لوگوں کو ووٹنگ کے عمل اور ووٹنگ کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں شرکاء پر زور دیا کہ وہ ووٹنگ سے متعلق معلومات کو دوسروں تک پہنچائیں۔ انہوں نے تمام شرکاء کو سویپ عمل میں حصہ لینے پر بھی زور دیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اور عام لوگوں کو اس طرح کی آگاہی مہم میں حصہ لینا چاہئے اور مستقبل میں طلبہ کے لیے بھی ایسے ہی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور جمہوری نظام میں ووٹ کی اہمیت کے بارے میں عام آگاہی دی گئی۔ آگاہی پروگرام میں چیف ایجوکیشن آفیسر، اننت ناگ، مہمان خصوصی کے طور پر شامل تھے جبکہ اس موقع پر ڈگری کالج کی پرنسپل بھی مہمان ذی وقار کے طور پر موجود رہی۔ بیداری پروگرام میں اسکولی طلبا کے ساتھ ساتھ سرپنچوں، پنچوں، بی ایل اوز اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: Voter List Road Show ووٹر لسٹ کے حوالہ سے ڈوڈہ میں روڈ شو
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ اس پروگرام کو حاضرین خاص کر نوجوانوں کو ووٹر لسٹ میں اپنا نام اندراج کرانے کی اہمیت پر زور دینے کی غرض سے منعقد کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس قسم کے پروگرام مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سویپ کے تحت اس طرح کے پروگرامز ووٹر لسٹ میں خصوصی نظر ثانی کے طور پر منعقد کے جا رہے ہیں تاکہ ووٹر لسٹ کی ترتیب میں کسی بھی طرح کی کوئی بدگمانی باقی نہ رہے اور شفاف طریقے سے ووٹرز کا نام اندراج کیا جا سکے۔ دریں اثناء آگاہی پروگرام کے دوران مقامی طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف اور رنگا رنگ پروگرامز پیش کئے۔