جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کے سینیئر رہنما پیرزادہ منصور نے جنوبی ضلع اننت ناگ کے اچھہ بل میں پارٹی کارکنان کا ایک اجلاس منعقد کیا، اس اجلاس میں شانگس حلقے کے متعدد علاقوں سے آئے ہوئے کارکنان نے شرکت کی۔
اس موقع پر پیرزادہ منصور نے نیشنل کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج جموں وکشمیر کی جو بھی حالت ہے اس کا ذمہ دار صرف اور صرف نیشنل کانفرنس ہیں۔
انہوں نے ہمیشہ یہاں پر لوگوں کو رائے شماری اور آٹونامی وغیرہ کے خواب دکھا کر گمراہ کیا ہے اور اپنے مفاد کیلئے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ استحصال کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 5 اگست 2019 کا جو فیصلہ کیا گیا تھا وہ بالکل غیر جمہوری فیصلہ تھا،بی جے پی کا 'نیا کشمیر' نعرے کو کھوکھلا بتاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی تعمیر و ترقی اور امن و امان کے حوالے سےجو بھی دعوے کر رہی تھی وہ زمینی سطح پر نظر نہیں آرہے ہیں۔ دن بہ دن جموں وکشمیر کے حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی طالبان و پاکستان پر سیاست میں مصروف: محبوبہ مفتی
اس موقع پر پیرزادہ منصور نے پارٹی کارکنان سے پارٹی کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے کمر بستہ ہونے کی ہدایات دی اور عام لوگوں کے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے پیش پیش رہنے کی بات کہی ہے۔