جنوبی کشمیر میں ضلع اننت ناگ کے منی گام سے ہاپت نارڈ، پہلگام علاقے کی رابطہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گھڑے بن گئے ہیں جس سے راہگیروں کو گونا گونا پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ معمولی بارش کے ہوتے ہی سڑک پر کافی پانی جمع ہو جاتا ہے جو مکانوں اور دکانوں کے اندر داخل ہو جاتا ہے، وہیں کیچڑ اور گندہ پانی جمع ہونے کے سبب سے راہگیروں خاص کر بچوں، بیماروں اور بزرگوں کو چلنے پھرنے میں کافی دشواریاں پیش آتی ہیں۔
مقامی باشندوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’منی گام سے ہاپتناڈ تک کی سڑک انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہو چکی ہے، گزشتہ برس روڈ کی تعمیر و مرمت کی غرض سے اس کے کچھ حصے پر کام شروع کیا گیا تھا تاہم مرکزی سرکار کی جانب سے دفعہ 370کی منسوخی کے بعد پیدا شدہ حالات کی وجہ سے تعمیراتی کام روک دیا گیا، جو ابھی تک شروع نہیں کیا گیا۔‘‘
مقامی باشندوں کے مطابق سڑک پر آئے روز حادثات رونما ہونا معمول بن چکا ہے۔
متعدد اسکولوں کے لیے طلباء کو مذکورہ سڑک سے ہی گزرنا پڑتا ہے۔ جبکہ گڑھوں میں جمع گندا پانی جمع وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا باعث بن سکتا ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہو چکی ہے کہ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے، مریضوں خصوصاً حاملہ خواتین کو ہسپتال لے جانے میں شدید دشواریاں پیش آتی ہیں۔
انہوں نے کئی مرتبہ سڑک کی مرمت کا معاملہ متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں لایا تاہم ’’متعلقہ محکمہ نے ہمیشہ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔‘‘
مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے سڑک کی مرمت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تاکہ راہگیروں کو مزید مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔