اننت ناگ (جموں و کشمیر): ملک گیر سیر سے واپس لوٹنے پر عمر رسیدہ شہریوں پر مشتمل قافلے کا فوج نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں والہانہ استقبال کیا۔ قافلہ کے استقبال کے لیے فوج کی جانب سے ضلع کے اجرو، قاضی گنڈ میں ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ فوج کی جانب سے سدبھاؤنا پروگرام کے تحت معمر شہریوں کی مختلف تاریخی اور مذہبی مقامات کی سیر کرائی گئی۔
پہلے قافلہ کی واپسی پر فوج کے سیکٹر 2کے ڈپٹی کمانڈر نے دیگر فوجی افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ بزرگ شہریوں کے گروپ کا والہانہ استقبال کیا۔ فوج کی جانب سے سدبھاؤنا پروگرام کے تحت معمر شہریوں کو دہلی اور آگرہ کے مختلف تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کا دورہ کرایا گیا جس میں تاج محل، آگرہ قلعہ، فتح پور سیکری، انڈیا گیٹ، لال قلعہ، جامع مسجد، ہمایون کا مقبرہ، قطب مینار وغیرہ شامل ہیں۔
بزرگ شہریوں نے اننت ناگ پہنچ کر تقریب کے دوران فوج کی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ٹور کے دوران انہیں نہ صرف تاریخی اور مقدس مقامات کی زیارت نصیب ہوئی بلکہ اس ٹور کے دوران انہیں کافی کچھ سیکھنے اور مشاہدہ کرنے کا بھی موقع ملا۔ فوج کے زیر اہتمام اس ٹور میں ضلع اننت ناگ کے مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والے 12بزرگ شہریوں کا انتخاب کیا گیا تھا۔
ٹور میں شامل ایک معمر شہری نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سفر کے دوران فوجی اہلکار بھی ان کے ساتھ تھے جنہوں نے تاریخی اور مقدس مقامات کی تاریخ سے انہیں واقف کرایا۔ علاوہ ازیں سفر میں فوج نے معمر شہریوں کا پورا خیال رکھا اور ان کے آرام کے لیے پختہ انتظامات کیے گئے تھے۔ انہوں نے ٹور کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید معلوماتی ٹورز کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔ ادھر، فوجی افسران نے کہا کہ اس ٹور کا مقصد بزرگ شہریوں کی عزت افزائی کے ساتھ ساتھ انہیں تاریخی مقامات سے بھی واقف کرانا تھا اور یہ افراد بھی تاریخی ریاستوں، شہروں اور قصبہ جات کا از خود مشاہدہ اور معائنہ کر سکیں۔
مزید پڑھیں: اسکولی طلبا کی فوجی سربراہ سے ملاقات