جموں وکشمیر ٹوریزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن، پہلگام ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اننت ناگ، پہلگام ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ مالکان ایسوسی ایشن اور پہلگام ہوٹل اینڈ گیسٹ ہاؤس مالکان سوسائٹی کے اشتراک سے ڈائریکٹوریٹ آف کشمیر ٹورزم کے زیر اہتمام 2 روزہ پہلگام سرمائی کارنیول شروع ہو چکا ہے۔
پہلگام میں رنگا رنگ سرگرمیاں جاری ہیں، جن میں ثقافتی پروگرام، آرٹ اور دستکاری کی نمائش، شائقین اور پیشہ ور افراد کے ذریعہ مصوری اور خطاطی، مشہور گلوکاروں کی روایتی موسیقی اور ایڈونچر اسپورٹس شامل ہے۔
اس میلے کا افتتاح ڈائریکٹر ٹوریزم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے سی ای او پہلگام، مشتاق احمد سمنانی، جوائنٹ ڈائریکٹر ٹورزم، تبسم کاملی، ایس ڈی ایم پہلگام، نصیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹوریزم پبلسٹی عدیل سلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر رجسٹریشن احسن الحق کی موجودگی میں کیا۔
اس میلے میں ملحقہ گاؤں سے تیار کردہ دیہاتی دستکاری کی نمائش، کاٹیج کرافٹ اور دستکاری، کھانے، پھل اور دیہات کی معیشت کے دیگر اجزاء کی نمائش شامل ہے۔
نوجوانوں نے بڑی تعداد میں، ثقافتی سرگرمیوں، اسٹینڈ اپ کامیڈی، مصوری، خطاطی، ایڈونچر اسپورٹس وغیرہ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
پہلگام میں موسم سرما سے لطف اٹھانے والے سیکڑوں سیاحوں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ سیاح پہلگام مارکیٹ کے اندر تہوار کے ماحول سے لطف اٹھاتے ہوئے بازار کے ذریعے گھوڑوں پر سوار ہوتے دکھائی دیئے۔