آئی سی سی مینز ٹی 20 عالمی کپ کے فائنل میچ سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ولیمسن نے کہا ’’اگر ایسا ’ڈبل‘ ہوتا ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے۔ لیکن ہمیں ان سب چیزوں سے ہٹ کر صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ کرکٹ کی بدولت ہی ہم اس کامیابی کو حاصل کر سکتے ہیں‘‘۔
ولیمسن نے تصدیق کی کہ زخمی ڈیون کونوے کی جگہ ٹم سیفرٹ لیں گے، جنہوں نے اس سے قبل ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ کھیلا ہے۔
ولیمسن نے کہا ’’ہمارے پاس تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج ہے۔ ٹورنامنٹ کے اس مرحلے پر کونوے کو کھونا مایوس کن ہے، لیکن سیفرٹ نے کافی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلی ہے۔ ان کا تجربہ ہمارے کام آئے گا‘‘۔
اس سے قبل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ کھیلا گیا جس میں زمپا نے 17 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ زمپا اس ورلڈ کپ میں شاندار فارم میں رہے ہیں۔ ولیمسن بھی زمپا کے خطرے کو سمجھتے ہیں۔ اگرچہ انہوں نے کہا کہ اس کے پاس زمپا کے لیے منصوبے ہیں۔
انہوں نے کہا’’زمپا ایک ورلڈ کلاس گیند باز ہے اور دنیا کے تین ورلڈ کلاس فاسٹ بالرز ان کی مدد کرتے ہیں۔ ان کی ٹیم میں بہت سارے میچ وننگ کھلاڑی ہیں۔ لیکن ہماری توجہ صرف اپنے کھیل پر ہے، جو سب سے اہم ہے۔
(یو این آئی)