بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان کو دنگل فلم کے لیےکشتی کے داؤ پیچ سکھانے والے اندور کے کرپا شنکر نے 70 کلوگرام زمرے کے کلاس بی ڈویژن فری اسٹائل کشتی میں کانسے کا تمغہ جیتا۔
تفصیلات کے مطابق ارجن ایوارڈ یافتہ بشنوئی نے کانسے کے تمغے کے لیےہونے والے مقابلے میں اسرائیل کے سنياوسکی کو 3-14 سے شکست دے کر کانسے کے تمغے پر قبضہ کیا۔
مقابلے کے دوران کرپا شنکر حریف اسرائیلی پہلوان پر غلبہ حاصل کیا اور انہوں نے تکنیکی برتری کی بنیاد پر مقابلے کو ختم کیا۔
فری اسٹائل کلاس میں یہ بھارت کا پہلا تمغہ ہے، اس سے قبل مقابلہ کے گریکو رومن کلاس میں ارجن ایورڈ یافتہ پہلوان رندھیر سنگھ نے 100 کلو گرام زمرے کے سی ڈویژن میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔
کرپا شنکر جیسے ہی پوڈیم پر کھڑے ہوئے اور ان کے گلے میں تمغہ پہنایا گیا اسٹیڈیم تالیوں کی گڑگڑاہٹ سے گونج اٹھا اور وہاں موجود متعدد شائقین نے بھارت ماتا کی جے اور انڈیا، انڈیا کے نعروں کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کی۔
عالمی چمپئن شپ کے مقابلوں میں کرپا شنکر نے ترکی، ہنگری، ایران اور اسرائیل کے پہلوانوں کو شکست دے کر کانسے کے تمغے تک کا سفر طے کیا۔