گوہاٹی: زخمی اکشر پٹیل کی جگہ آخری وقت میں ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں منتخب کیے گئے روی چندرن اشون نے کہا کہ زندگی حیرتوں اور سنسنیوں سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ تیسری بار ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔
اشون نے ہفتہ کو کہاکہ ''اگر کوئی مجھے تین مہینے پہلے کہتا کہ میں ورلڈ کپ کھیلوں گا تو میں کہتا کہ تم مذاق کر رہے ہو، لیکن زندگی حیرت سے بھری ہوئی ہے۔ سچ پوچھیں تو میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں یہاں آؤں گا۔ حالات نے مجھے یہاں کھڑے ہونے کا موقع دیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ورلڈ کپ سے عین قبل ٹیم میں منتخب ہونے کے دباؤ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'اس طرح کے ٹورنامنٹس میں دباؤ کو برداشت کرنا بہت ضروری ہے اور یہ فیصلہ کرے گا کہ ٹورنامنٹ کیسا ہوگا۔ یہ ہندوستان کے لیے میرا آخری ورلڈ کپ ہوسکتا ہے اس لیے اس سے لطف اندوز ہونا سب سے اہم ہے۔‘‘
واضح رہے کہ اشون کو ہندوستان کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں اکشر پٹیل کی جگہ شامل کیا گیا ہے، جو اس ماہ کے شروع میں سری لنکا میں ٹیم کی ایشیا کپ مہم کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ اشون کے لیے یہ تیسرا موقع ہے جب وہ ورلڈ کپ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔
آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز میں اشون نے اپنی عمدہ کارکردگی سے آسٹریلوی بلے بازوں کو پریشان کر دیا تھا۔ اکشر، جنہیں اس ماہ کے شروع میں ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، بنگلہ دیش کے خلاف ایشیا کپ کے سپر فور میچ کے دوران بائیں کواڈریسیپس میں تناؤ کا شکار ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اکشر پٹیل کے زخمی ہونے پر اشون نے کس طرح ٹیم میں جگہ بنائی
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو چھوڑ کر، اشون نے آخری بار 2022 میں جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔ وہ اب تک 115 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 155 وکٹیں لے چکے ہیں۔ ہندوستان اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف کرے گا۔ اس میچ میں اشون کے پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا پورا امکان ہے۔
یواین آئی۔