نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نارکو ٹیسٹ کے لیے تیار ہیں بشرطیکہ پہلوان ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کا بھی ایک ساتھ نارکو ٹیسٹ کروایا جائے۔ ایم پی برج بھوشن سنگھ کے پرائیویٹ سکریٹری سنجیو سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ الزام لگانے والے پہلوان بار بار ایم پی کے نارکو ٹیسٹ کی بات کر رہے ہیں۔ پہلوانوں کے مطالبے کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نارکو ٹیسٹ نہ صرف رکن پارلیمنٹ بلکہ پہلوانوں کا بھی پوری ذمہ داری کے ساتھ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ، سرکاری تحقیقاتی ایجنسی یا کوئی جانچ کرنے والا ادارہ چاہے تو ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ کا نارکو ٹیسٹ کرایا جائے، لیکن پہلوان ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کا بھی نارکو ٹیسٹ کرایا جائے تاکہ اس معاملے میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں: Wrestlers Protest برج بھوشن سچے ہیں تو نارکو ٹیسٹ کروائیں: پہلوان
وہیں بجرنگ پونیا نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کا نارکو ٹیسٹ کرانے کا چیلنج قبول کر لیا ہے۔ پونیا نے جواب دیا ہے کہ اگر فیڈریشن کے گھوٹالوں کو شمار کیا جائے تو ہم نارکو ٹیسٹ کرانے کو تیار ہیں۔ بتا دیں کہ پہلوان جنتر منتر پر گزشتہ 28 دنوں سے برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی استحصال کا الزام لگا کر احتجاج کر رہے ہیں۔ ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پہلوانوں نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔ پہلوانوں کی شکایت پر دہلی میں بی جے پی ایم پی کے خلاف دو کیس درج کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں دہلی پولیس کی جانب سے درج کیس کی جانچ کی جا رہی ہے۔
یو این آئی