مغربی بنگال کے ندیا ضلع میں واقع کلیانی میونسپل اسٹیڈیم میں بی ایس ایس اسپورٹنگ کلب اور ساؤدرن سمیتی کی ٹیمیں کولکاتا فٹبال لیگ 2021 پرئمیر ڈویژن گروپ 'بی' کے ایک اہم میچ میں نبرد آزما ہوئیں۔ دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز میں کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، شیدائیوں کو بھی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
کھیل کے بارہویں منٹ پر ساؤدرن سمیتی سوما داس کے گول کی بدولت ایک صفر کی سبقت حاصل کرنے میں کامیاب رہی، مگر کھیل کے 19 ویں منٹ پر دیپک کے کراس پر راہل ہاسوان نے ہیڈر کے ذریعہ گول کرکے بی ایس ایس اسپورٹنگ کلب کو ایک ایک گول کی برابری پر لاکھڑا کیا۔ کھیل کے 22 ویں منٹ پر راہل پاسوان نے ایک بار پھر ہیڈر کے ذریعہ گول کرکے بی ایس ایس اسپورٹنگ کلب کو 2-1 گول سے آگے کر دیا۔
کھیل کے 27 ویں منٹ پر بی ایس ایس اسپورٹنگ کلب کو پنالٹی ملی، راہل پاسوان نے پنالٹی کو گول میں بدل کر اپنی ٹیم کو 3-1 کی سبقت دلانے کے ساتھ ساتھ کولکاتا فٹبال لیگ 2021 میں پہلی ہیٹرک کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ پہلے ہاف میں کے اختتام پر بی ایس ایس ایس سی کو 3-1 کی بڑی سبقت دلانے میں اہم رول ادا کیا۔ دوسرے ہاف میں ساؤدرن سمیتی کی ٹیم میچ میں واپس آنے کی بھر پور کوشش کرتی رہی۔ دوسرے ہاف میں بی ایس ایس ایس سی کی ٹیم کی جانب سے شاندار کھیل کا سلسلہ جا ری رہا مگر نصف میں اس کی جانب سے کوئی گول نہیں ہو سکا۔
مزید پڑھیں: بھارت کا تاریخی کارنامہ، 19 تمغوں کے ساتھ 24ویں مقام پر
بی ایس ایس اسپورٹنگ کلب کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساؤدرن سمیتی کو کولکاتا فٹبال لیگ کے ایک اہم میچ میں 3-1 گول سے شکست دے دی، بی ایس ایس اسپورٹنگ کلب اس شاندار جیت کی بدولت سات پوائنٹ کے ساتھ کولکاتا فٹبال لیگ 2021 میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔