پاکستان کے شہر کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سُوپر لیگ یعنی پی ایس ایل سیزن 6 کے میچز کھیلے جارہے ہیں۔ سیزن 6 کے کھیلے گئے 10ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو 118 رنز پر آل آؤٹ کردیا اور 119 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے میچ کی ابتدا سے ہی اسلام آباد یونائٹیڈ پر دباؤ بنایا اور اسے پھر اننگز کے اختتام تک برقرار رکھا۔
یونائٹیڈ کی جانب سے ایلکس ہیلز نے 41، حسین طلعت نے 22 اور آصف علی نے 19 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ان کے علاوہ کوئی دوسرا کھلاڑی ڈبل فیگر تک بھی نہ پہنچ سکا اور پوری ٹیم 118 پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ اس طرح اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم رواں سیزن کی وہ پہلی ٹیم بن گئی جو آل آؤٹ ہوگئی۔
پشاور زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 17 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ثاقب محمود نے 12 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے بولرز نے 2 وکٹیں لے کر پشاور زلمی کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی، تاہم تجربہ کار شعیب ملک نے کیڈمور کے ہمراہ ٹیم کو سنبھالا۔
ٹام کوہلر کیڈمور 46 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے تو پھر حیدر علی کے ہمراہ شعیب ملک نے ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کیا۔ حیدر علی جیت سے 3 رنز کی دوری پر 18 گیندوں پر 36 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ ردرفورڈ نے لمبا شاٹ لگایا اور اوور تھرو کے رنز حاصل کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروادیا۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے حسن علی نے 14 پر 2 وکٹ لیے، جب کہ محمد وسیم اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین بولنگ پرفارمنس دینے پر وہاب ریاض کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ جاریہ ایونٹ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی یہ پہلی شکست ہے، جب کہ اس جیت کے ساتھ پشاور زلمی کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیپل پر پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔