پانچ مرتبہ آئی پی ایل چیمپئن ممبئی انڈینز ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کِرن مورے کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔
حالانکہ 58 سالہ کرن مورے میں کورونا وائرس کی زیادہ علامات نہیں ہیں لیکن پھر بھی انہیں بقیہ کھلاڑیوں سے الگ تھلگ کر دیا ہے۔
ممبئی ٹیم نے بیان میں کہا کہ 'مورے میں اس وقت بیماری کی کوئی علامات نہیں ہے لیکن انہیں آئیسولیٹ کردیا گیا ہے۔ ممبئی انڈینز اور کِرن مورے اس معاملے میں بی سی سی آئی کے صحت سے متعلق رہنما خطوط پر مکمل عمل کررہے ہیں۔
اس کے علاوہ ممبئی انڈینز کی میڈیکل ٹیم مورے کی صحت پر مسلسل نظر رکھ رہی ہے۔ کِرن مورے آئی پی ایل شروع ہونے سے پہلے کورونا سے متاثر ہوئے کھلاڑیوں اور معاون عملہ کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل دہلی کیپٹلز کے لیفٹ آرم اسپنر اکشر پٹیل اور رائل چیلنجرز بنگلور کے سلامی بلے باز دیودت پڈیکل بھی کورونا کی زد میں آچکے ہیں۔
آئی پی ایل کا 14 واں سیزن رواں ماہ کی 9 تاریخ سے چنئی میں ممبئی انڈینز اور رائل چیلینجرز بنگلور کے مقابلے کے ساتھ شروع ہورہا ہے۔