نئی دہلی: ڈیوڈ وارنر کی دہلی کیپٹلس منگل کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس سے مقابلہ کرتے ہوئے 2023 انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن میں اپنی پہلی جیت کی تلاش میں ہوگی۔ ممبئی کو اپنے پہلے دو میچوں میں بھی شکست ہوئی ہے لیکن اس کے کچھ کھلاڑی مختلف اوقات میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ دوسری طرف دہلی شکست کی ہیٹ ٹرک کر چکی ہے اور خراب فارم اور چوٹ کے خدشات سے دوچار ہے۔ اوپنر پرتھوی شا اب تک کے تین میچوں میں تیز گیند بازوں کو پڑھنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے ساتھی ڈیوڈ وارنر نے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کی ہیں، لیکن ان کا خراب اسٹرائیک ریٹ دہلی کی شکست کی وجہ بن سکتا ہے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے مچل مارش ذاتی وجوہات کی بنا پر کچھ عرصے کے لیے آسٹریلیا واپس لوٹ گئے ہیں۔ دہلی نے آخری میچ میں ان کی جگہ منیش پانڈے کو بلے بازی کے لیے لایا لیکن وہ بھی صفر رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
درمیانی اووروں میں رن ریٹ میں اضافہ دہلی کی سب سے بڑی پریشانی رہی ہے۔ اس سیزن میں فرنچائز میں شامل ہونے والے ریلی روسو اب تک کوئی قابل ذکر کردار ادا نہیں کر سکے۔ نوجوان وکٹ کیپر بلے باز ابھیشیک پوریل نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف اپنے ڈیبیو پر جارحانہ انداز دکھایا، حالانکہ انہیں وکٹ پر تھوڑا اور وقت گزارنا پڑے گا۔ دہلی کے بلے باز جہاں بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے ہیں وہیں گیند باز بھی مخالف ٹیم پر دباؤ نہیں بنا پائے ہیں۔ اگرچہ دہلی کسی نہ کسی طرح درمیانی اووروں میں رن ریٹ کو کنٹرول کر سکتا ہے، لیکن آخری اووروں میں ان کی گیند بازی کی کمزوریاں واضح ہو جاتی ہیں۔ فاسٹ بولر خلیل احمد ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ممبئی کے خلاف میچ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ اگر خلیل میچ سے پہلے پوری طرح فٹ نہیں ہوتے ہیں تو دہلی ان کی جگہ چیتن سکاریا کو الیون میں شامل کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: IPL 2023 سنسنی خیز مقابلے میں لکھنؤ نے آر سی بی کو ایک وکٹ سے شکست دی
دوسری طرف پانچ بار کی چمپئن ممبئی بھی اپنی پہلی جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں اپنا کھاتہ کھولنے کا انتظار کرے گی۔ ممبئی، جو کہ آئی پی ایل 2020 میں روک نہیں پا رہا تھا، پچھلے تین سیزن سے پلے آف میں جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔ جسپریت بمراہ کی انجری پہلے ہی ان کے لیے بڑی پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے، جوفرا آرچر بھی کہنی کی تکلیف کے باعث ٹورنامنٹ کے کچھ حصے سے باہر ہوسکتے ہیں۔ روہت شرما، ایشان کشن اور سوریہ کمار یادو کی خراب فارم سے ممبئی کی بیٹنگ کا زیادہ تر انحصار تلک ورما پر ہے۔ ممبئی اگر ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں جیت درج کرکے دو پوائنٹس حاصل کرنا چاہتی ہے تو اس کے بلے بازوں کو مشترکہ کارکردگی دکھانی ہوگی۔ دہلی کے کوچ رکی پونٹنگ نے راجستھان رائلز کے خلاف شکست کے بعد کہا تھا کہ ان کی ٹیم کو خود کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ دہلی کس حد تک اس خود شناسی کو انجام دینے میں کامیاب رہا اور اس کا نتیجہ کیا نکلا، یہ تو منگل کو ہی پتہ چلے گا۔
یو این آئی