ممبئی، ممبئی انڈینس نے کپتان ہرمن پریت کور (51) کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت منگل کو ویمنس پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں گجرات جائنٹس کے سامنے 163 رن کا ہدف رکھا۔جائنٹس نے اپنی سخت گیند بازی اور فیلڈنگ سے میچ پر زیادہ تر وقت کنٹرول رکھا لیکن ہرمن پریت نے 51 رن بنا کر ممبئی کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ ہرمن پریت نے اپنی 30 گیندوں کی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ یاستیکا بھاٹیہ نے 37 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رن بنائے جبکہ نیٹ سیور برنٹ نے 31 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رن بنائے۔
جائنٹس نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا انتخاب کیا اور ایشلے گارڈنر نے پہلے ہی اوور میں ہیلی میتھیوز کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ دھماکہ خیز اوپنر کا وکٹ گنوانے کے بعد ممبئی پاور پلے میں صرف 40 رن کا اضافہ کر سکی۔ یاستیکا اور سیور برنٹ نے ممبئی کی اننگز کو سنبھالا اور دوسرے وکٹ کے لیے 74 رن جوڑے۔ کم گارتھ نے 11ویں اوور کی آخری گیند پر سیور برنٹ کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں یاستیکا بھی سات گیندوں کے بعد رن آؤٹ ہو گئیں۔
اس جوڑی کے پویلین جانے کے بعد ہرمن پریت نے ممبئی کی اننگز کی ذمہ داری سنبھالا۔ انہوں نے امیلیا کار (13 گیندوں، 19 رن) کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 51 رن کی شراکت داری کی۔ کر کے آؤٹ ہونے کے بعد ممبئی کے لیے وکٹوں کی جھڑی لگ گئی لیکن ہرمن پریت نے تابڑ توڑ بلے بازی جاری رکھی۔ ہرمن پریت بھی آخری اوور میں اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آؤٹ ہوگئیں۔ ممبئی نے آخری پانچ اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 50 رن جوڑے اور 20 اووروں میں 162/8 رن بنائے۔ جائنٹس کی قابل ستائش گیندبازی میں گارڈنر کی کارکردگی بہترین تھی، انہوں نے چار اووروں میں 34 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ گارتھ، اسنیہ رانا اور تنوجا کنور کو ایک ایک کامیابی ملی۔
مزید پڑھیں:WPL 2023 ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان سخت مقابلہ، جانیے کس کا پلا بھاری؟
یو این آئی