بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ احمدآباد میں کھیل جائے گا۔ بھارت کے لیے کھیلنے والے تیز گیندباز امیش یادو احمدآباد میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ کے لئے ٹیم میں شامل ہوں گے، لیکن اس سے پہلے انہیں فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا جب کہ آسٹریلیا دورے کے دوران زخمی ہوکر باہر ہونے والے لوکیش راہل کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
قومی سلیکٹروں نے احمدآباد میں ہونے والی سیریز کے آخری دو ٹسٹ کے لئے بدھ کے روز ٹیم کا اعلان کیا۔ تیسرا اور چوتھا ٹسٹ احمدآباد میں دنیا میں شائقین کے لیے سب سے زیادہ گنجائش والے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا ٹسٹ دن ۔ رات کا میچ ہوگا اور گلابی گیند سے کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے چننئی میں دوسرا ٹسٹ 317 رن سے ریکارڈ فرق سے جیت کر چار میچوں کی سیریز میں ایک۔ایک سے برابری حاصل کرلی ہے۔ اُمیش ٹیم میں شاردل ٹھاکر کی جگہ لیں گے۔ دراصل بھارتی سلیکشن کمیٹی نے شاردل ٹھاکر، ابھیمنیو ایشورن، شہباز ندیم اور پریانک پانچال کو وجے ہزارے ٹرافی کے لئے ٹیم سے ریلیز کردیا ہے۔
ندیم چننئی میں پہلے ٹسٹ میں کھیلے تھے لیکن اس میچ میں بھارت کی شکست کے بعد انہیں دوسرے ٹسٹ کے لئے ٹیم سے باہر رکھا گیا تھا ۔راہل آسٹریلیا دورے میں محدود اوورز کی سیریز میں کھیلے تھے لیکن انہیں ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔