انہوں نے اپنے شوہر شعیب ملک کی تعریف کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے خدمات انجام دینے پرانہیں سراہا ہے۔
ثانیہ مرزا نے اپنے جذباتی پیغام میں لکھا کہ' کہانی کا اختتام ہوتا ہے مگر پیشہ وارانہ زندگی کے خاتمے کا مطلب ایک نئی شروعات ہوتی ہے۔ مجھے اپنے شوہر شعیب ملک کے 20 برس کے انٹرنیشنل کیرئیر کے دوران حاصل ہونے والی تمام کامیابیوں پر فخر ہے'۔
انہوں نے کہا کہ شعیب ملک نے اپنے کیرئیر کے دوران کئی اتارچڑھاؤ کا سامنا کیا۔ اس کے باوجود وہ ایمانداری سے اپنے ملک کے لیے خدمات انجام دیتے رہے۔
ٹینس اسٹار کے مطابق وہ اور ان کے بیٹے اذہان دونوں شعیب ملک پر فخر کرتے ہیں۔ ان کے کارناموں کو سلام کرتے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے گذشتہ برس جون میں ہی ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔ گذشتہ روز بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے بعد شعیب ملک نے پریس کانفرنس کے دوران اپنے ون ڈے کرکٹ کیرئیر کے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ شعیب ملک نے ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹا ئرمنٹ کا اعلان کیا مگر وہ ٹی ۔ 20 فارمیٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔
شعیب ملک نے 2016 میں ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہا تھا۔ اس کے تین برس بعد یک روزہ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا۔