راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن میں صرف 18.2 اوورز ہو سکے۔ سری لنکا نے 86.3 اوورز کے اختتام اور چھ وکٹوں کے نقصان پر 263 رن بنائے ہیں۔
سر ی لنکا کی جانب سے کریز پر دھنن جایا ڈی سلوا (72) اور دلروان پریرا (2) موجود ہیں۔ دھنن جایا ڈی سلوا اپنی نصف سنچری مکمل کر چکے ہیں۔
دن کاواحد اور سری لنکن بیٹنگ کے چھٹا وکٹ نیروشان ڈک ویلے کا تھا جو 33 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کا کیچ گلی میں بابر اعظم نے شاہین آفریدی کی گیند پر پکڑا تھا۔
پاکستانی بالر نے وکٹ لینے کے لیے نئی گیند لی تھی اور انھیں ایک کامیابی ملی تھی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے دو۔دو وکٹ حاصل کیے ہیں۔
اس سے قبل گذشتہ روز پہلے دن کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 202 رن بنائے تھے۔ جبکہ پاکستان پہلے روز محض 68.1 اوورز کروا پایا تھا۔
سری لنکا کی پانچویں وکٹ نسیم شاہ نے حاصل کی جن کی گیند پر انجیلو میتھیوز 31 رن بنا کر سلپ پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دنیش چندیمل تھے جو دو رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے نسیم شاہ نے دو وکٹ حاصل کیے تھے ۔تیسرے آوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کوشل مینڈس تھے جو 10 رن بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کے اوپنر اوشادہ فرنینڈو آوٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے، جو 40 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ان کا کیچ سلپ میں حارث سہیل نے پکڑا۔
سری لنکن ٹیم کے کپتان اور اوپنرز ڈی میتھ کرونارتنے پاکستان کے با لر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
انھوں نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 59 کے انفرادی سکور ہر پویلین واپس لوٹ گئے۔