بھارت کے سابق کپتان اور حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد اظہر الدین نے پیر کو ریاستی ایسوسی ایشن کے ایک ممبر کے خلاف تھانے میں شکایت درج کروائی ہے۔ اظہر نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ایچ سی اے کے ایک ممبر نے انتظامی امور پر ان کے اور یونین ملازم کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی۔ ایچ سی اے کے ممبر کے خلاف تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ محمد اظہرالدین بھی لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر اترپردیش میں 2009 میں مراد آباد لوک سبھا کی سیٹ جیت لی تھی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کانگریس کے سابق رکن پارلیمان محمد اظہرالدین گزشتہ سال ستمبر میں حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے ایچ سی اے الیکشن میں 173 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے حریف پرکاش چند جین 73 ووٹ حاصل کرسکے۔
اظہر نے اپنے کیریئر میں بھارت کے لئے 99 ٹیسٹ اور 334 ون ڈے میچ کھیلے۔ وہ 1992 ، 1996 اور 1999 کے ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کے کپتان تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کھلاڑیوں کے انتخاب میں بےرحم ہونے کی ضرورت: رمیز راجہ
غور طلب ہے کہ اظہر نے ٹیسٹ میں 22 سنچریوں کی مدد سے 6215 رنز بنائے اور ون ڈے میں 7 سنچریوں کی مدد سے 9378 رنز بنائے۔ وہ بھارت کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے 47 ٹیسٹ میں بھارت کی قیادت کی اور 14 میچ جیتے جبکہ ون ڈے میں انہوں نے 174 میچوں میں بھارت کی قیادت کی اور 90 میچ جیتے تھے۔