بھارت اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ میچ کے پہلے ہی دن آسٹریلیا 72.3 اوور میں 195 رنز پر ہی آل آوٹ ہوگئی، اس کے بعد بھارت کی شروعات بھی خراب رہی اور سلامی بلے باز مینک اگروال کوئی اسکور کیے بغیر پہلے اوور میں ہی مشیل اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، کیریر کا پہلا ٹسٹ میچ کھیل رہے نوجوان بلے باز شبھمن گل نے بغیر کسی دباؤ میں جارحانہ بلے بازی کی اور کچھ شاندار چوکے بھی لگائے۔
گل اور چتیشور پجارا نے اسٹمپس تک دوسرے وکٹ کے لئے ناٹ آوٹ اننگز میں 36 رن جوڑے۔ اسٹمپ کے وقت گل 38 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 28 رن اور پجارا 23 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے سات رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔
آسٹریلیائی کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن بُمراہ نے سلامی بلے باز جو برنس کو کھاتہ کھولنے کا موقع دیئے بغیر وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ پانچویں اوور میں اس کامیابی کے بعد، ہندوستانی گیندبازوں نے آسٹریلیا پر دباؤ بنائے رکھا۔ دو سال قبل بمراہ اسی میدان پر باکسنگ ڈے ٹسٹ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ رہے تھے۔انہوں نے اس بار بھی اپنی کارکردگی جاری رکھی اور 16 اوورز میں 56 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔
آف اسپنر اشون نے 24 اوورز کی بہترین گیندبازی میں محض 35 رن دیکر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اشون نے آسٹریلیا کے اسٹار بلے باز اسٹیون اسمتھ کو لگاتار دوسری بار اپنا شکار بنایا۔ پہلے ٹیسٹ میں اسمتھ ایک رن بنا پائے تھے اور اس مرتبہ صفر پر آوٹ ہوئے۔اشون نے اسمتھ کو اپنے جال میں پھنساتے ہوئے لیگ سلپ پر چتیشور پجارا کے ہاتھوں کیچ کرایا۔
سراج نے اس مقابلے میں ڈیبیو کرتے ہوئے 15 اوور میں 40 رن دے کر دو وکٹیں اپنے نام کی۔ سراج کو زخمی محمد شامی کے سیریز سے باہر ہوجانے کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے اس موقع کاپورا فائدہ اٹھاتے ہوئے دو وکٹ لئے جس میں آسٹریلیائی اننگز میں سب سے زیادہ 48 رن بنانے والے مانرس لابوشین کا وکٹ شامل ہے۔ سراج نے گیندکے علاوہ اچھی فیلڈنگ کرتے ہوئے دو کیچ بھی لئے۔
باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی کےوطن واپس آنے کے بعد ٹیم میں شامل بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجا نے 5.3 اوور میں 15 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔ امیش یادو کو 12 اوورز میں 39 رن پر کوئی وکٹ نہیں ملا۔
بھارت نے اس مقابلے میں چار تبدیلی کی اور سلامی بلے باز شبھمن گل اور تیزگیندباز سراج کو ٹسٹ ڈیبیو کرنے کا موقع دیا جبکہ آل راونڈر جڈیجہ اور وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ٹیم میں واپسی کی۔
پہلا ٹسٹ جیتنے والی آسٹریلیا کی ٹیم کے کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن بمراہ نے ٹم کے فیصلے کو پانچویں اورز میں ہی غلط ثابت کردیا۔ برنس کھاتہ بھی نہیں کھول سکے اور آسٹریلیا کا پہلا وکٹ دس رن کے اسکور پر گرا۔ دوسرے سلامی بلے باز میتھیو ویڈ کو اشون نے جڈیجہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا۔ ویڈ نے 39 گیندوں پر 30 رن میں تین چوکے لگائے۔ ویڈ کا وکٹ 35 کے اسکور پر گرا۔
اس کے تین رن بعد ہی اشون نے بھارت کو سب سے بڑی کامیابی دلائی۔ اشون نے سلپ، لیگ سلپ اور فارورڈ شاٹ لیگ لگاکر اسمتھ کو گیندبازی کی اور انہیں اپنے جال میں پھنسا کر صفر پر آوٹ کیا۔ اسمتھ کا میلبورن میں شاندار ریکارڈ ہے جہاں وہ 113.5 کا اوسط رکھتے ہیں اور اس میدان پر انہوں چار سنچری اور تین نصف سنچری بھی بنائی ہے۔
اشون نے اسمتھ کو لیگ سلپ میں پجارا کو کیچ دینے پر مجبور کیا اور اسمتھ کے کیریر میں یہ پہلی بار ایسا ہوا کہ وہ کسی ٹسٹ کی پہلی اننگز میں صفر پر آوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا نے تیسرا وکٹ 38 کے اسکور پر گنوایا۔
لابوشین اور ٹریوس ہیڈ نے اس کے بعد چوتھے وکٹ کے لئے 86 رن کی ساجھیداری کی۔ اس شراکت کے وقت لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا واپس پٹری پر لوٹ رہی ہے کہ تبھی بمراہ نے ہیڈ کو کپتان اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا ۔ ہینڈ نے 92 گیندوں پر چار چوکوں سے 38 رن بنائے۔
اس شراکت کے ٹوٹنے کے ساتھ ہی آسٹریلیائی اننگز کا بکھرانا شروع ہوگیا۔ ہیڈ کا وکٹ 124 کے اسکور پر گرا، جب کہ دس رن بعد سراج نے گل کے ہاتھوں لابوشین کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو ایک بڑی کامیابی دلائی۔ لابوشین نے 132 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔ اس کے بعد سراج نے پھر کیمرون گرین (12) کو آؤٹ کرکے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔
اشون نے پہلے ٹسٹ کے مین آف دی میچ اورآسٹریلیا کے کپتان پین کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ پین نے 38 گیندوں پر 13 رن بنائے۔ پین کا کیچ ہنوماوہاری نے لیا۔ بمراہ نے مشل اسٹارک (7) کو سراج کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ناتھن لیون نے 17 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رن بنائے۔ بمراہ نے لیون اور جڈیجہ نے پیٹ کمنس (9) کو سراج کے ہاتھوں کیچ آوٹ کراکر آسٹریلیا کی اننگز 195 رن پر ڈھیر کردی۔