انگلینڈ کے سب سے کامیاب گیند باز جیمس اینڈرسن پنڈلی کی چوٹ سے نہیں ابھر سکے اور اب وہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی نہیں کھیل سکیں گے، انہوں پہلے میچ میں محض چار اوورز ہی کئے تھے جس کے بعد انہیں میدان سے باہر جانا پڑا تھا۔
پانچ میچوں کی ایشیز سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 251 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی اور اس کے بعد اینڈرسن جیسے تجربہ کار گیند باز کا زخمی ہونا انگلینڈ کے لیے پریشانی کا سبب ہے۔
حالاںکہ جمی اینڈرسن چار اوورز کی گیندبازی کے بعد میدان چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے لیکن بلے بازی کرنے آئے تھے اور امید تھی کہ وہ جلد ہی ٹھیک ہو جائیں گے لیکن ان کی انجری سنگین بتائی جا رہی ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں مزید آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اس معاملے میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ 14 اگست سے شروع ہونے والے دوسرے ایشیز ٹیسٹ میں جیمس اینڈرسن نہیں کھیل پائیں گے۔
انگلیند کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اینڈرسن میڈیکل کیمپ میں شرکت کریں گے اور وہاں کے ماہر ڈاکٹرز کی صلاح لی جائے گی اس کے بعد ہی انہیں کھلینے کی اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ جیمس اینڈرسن نے انگلینڈ کی جانب سے 148 ٹیسٹ میچوں میں 575 وکٹیں جبکہ 194 یک روزہ میچ میں 269 وکٹیں حاصل کی ہیں۔