کیرنز: آسٹریلیا نے اسٹیو اسمتھ (61) کی نصف سنچری کے بعد ایڈم زمپا (پانچ وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت جمعرات کو دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 113 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو-صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے جس کے بعد نیوزی لینڈ 82 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ Australia beat New Zealand 2nd ODI
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا اور پہلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر جلد ہی پویلین لوٹ گیا۔ اسمتھ نے گلین میکسویل کے ساتھ 49 رنز کی قیمتی شراکت داری اس وقت کی جب آسٹریلیا کے 54 رنز پر پانچ وکٹیں گر گئیں۔ میکسویل نے 50 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 25 جبکہ اسمتھ نے 94 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ اسمتھ کے 37ویں اوور میں آٹھویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہونے کے بعد مشل اسٹارک (38 ناٹ آؤٹ)، ایڈم زمپا (16) اور جوش ہیزل ووڈ (23 ناٹ آؤٹ) نے ٹیم کو 195 رنز تک پہنچایا۔
ٹرینٹ بولٹ نے 10 اوورز میں 38 رن دے کر چار جبکہ میٹ ہنری نے 10 اوورز میں 33 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ 196 کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح ڈھیر ہو گئی۔آسٹریلیا کی تیز گیند بازی کے سامنے نیوزی لینڈ کے سات بلے باز 10 رنز کا ہندسہ بھی نہ چھو سکے۔ کپتان کین ولیمسن نے زمبا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے پہلے سب سے زیادہ 17 رنز بنائے ۔ اس کے علاوہ مشل سینٹنر 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: Australia vs Zimbabwe 3rd ODI آسٹریلیا پر زمبابوے کی تاریخی جیت
آسٹریلیا کے لیے ایڈم زمپا نے اپنے ون ڈے کیریئر میں پہلی بار نو اوورز میں 35 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹارک اور شان ایبٹ نے دو دو جبکہ مارکس اسٹوئنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں دو-صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
یو این آئی