1983 ورلڈ کپ کے فاتح یشپال شرما کا آج صبح دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 66 سال تھی۔ یشپال شرما نے اپنے کیریئر میں 37 ٹیسٹ اور 42 ون ڈے کھیلے تھے۔ انھوں نے ٹیسٹ میں 1606 رنز اپنے نام کیے ہیں جب کہ ون ڈے میں 883 رنز بنائے تھے۔
یشپال نے ٹیسٹ کرکٹ میں 2 سنچریاں اور 9 نصف سنچریاں بنائی۔ اسی کے ساتھ ہی اس سابق بھارتی کھلاڑی نے ون ڈے میں 4 نصف سنچریاں بھی بنائی۔
یشپال شرما نے 1983 کے ورلڈ کپ میں بھارت کو عالمی چمپیئن بنانے میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔ خصوصاً سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں ان کی اننگز ہمیشہ کے لیے یادگار بن گئی جس میں یشپال نے 61 رنز کی ایک اہم اننگ کھیلی تھی اور اسی کی وجہ سے بھارت فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہا۔
یشپال شرما نے 1978 میں پاکستان کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا اور 1985 میں اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلا تھا۔ یشپال اپنے کیریئر میں کبھی بھی صفر پر آؤٹ نہیں ہوئے۔ شائقین اور سابق کرکٹرز سوشل میڈیا پر ٹویٹ کرکے ان کے انتقال پر خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔