اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے والد کے کے سنگھ نے بتایا کہ سشانت 2021 میں شادی کرنے والے تھے، سشانت 34 برس کی عمر میں اپنے مکان میں مردہ پائے گئے تھے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق انھوں نے خودکشی کی تھی۔
سشانت کے والد نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ سشانت اپنے جذبات کا اظہار زیادہ کھل کر کرتا تھا لیکن جیسے جیسے وہ بڑا ہوتا گیا وہ خود ہی میں رہنے لگا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سشانت پہلے سب کچھ بتاتا تھا لیکن اس نے یہ نہیں بتایا کہ آخر میں کیا ہوا تھا۔'
سشانت کی سابقہ گرل فرینڈ اداکارہ انکتا لوکھنڈے کے بارے میں اداکار کے والد نے بتایا کہ وہ ممبئی کے ساتھ ساتھ پٹنہ میں بھی سب سے ملنے آئی تھیں۔
سشانت اور انکتا کی دوستی ٹی وی سیریل 'پوتر رشتہ' کے سیٹ پر سے ہی ہوئی تھی اور دونوں تقریباً 6 برس سے تعلقات میں رہے تھے۔ انکتا کو سشانت کی موت کے بعد اداکار کے ممبئی گھر جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔
والد کے مطابق سشانت کی زندگی میں وہ صرف انکتا کے بارے میں جانتے تھے، انہیں ریا چکرورتی کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سشانت نے کہا تھا کہ انہوں نے کریتی سینن سے ملاقات کی ہے، موت کے بعد اداکارہ نے بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سشانت کی خوب تعریف کی تھی۔
سشانت کے والد نے انکشاف کیا کہ اداکار نے ان کے ساتھ شادی کے بارے میں بھی بات کی تھی، انہوں نے کہا کہ 'سشانت نے کورونا میں شادی نہیں کرنے کی بات کہی اور کہا کہ ایک فلم آنے والی ہے، اس کے بعد فروری، مارچ میں ملاقات کریں گے اور یہی آخری بات تھی جو میرے ساتھ ہوئی۔'
تاہم کے کے سنگھ نے اس لڑکی کی شناخت ظاہر نہیں کی جس کی اداکار سے شادی ہونے والی تھی، انہوں نے سشانت سے کہا ، "ہم نے ان سے کہا تھا کہ آپ اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کریں کیونکہ آپ کو اس کے ساتھ رہنا ہے۔"
گزشتہ اتوار کو سشانت کے اہل خانہ نے پٹنہ میں ان کے لیے ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں بھوجپوری اداکارہ اکشرا سنگھ ، اداکار و سیاستدان منوج تیواری سمیت کئی ستاروں نے شرکت کی تھی۔