اداکار شاہد کپور اور وجئے سیتھوپتی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔ ان دونوں کی جوڑی ایک ساتھ راج اور ڈی کے کی آئندہ ویب سیریز میں نظر آئے گی جسے ایمیزون پرائم پر نشر کیا جائے گا۔ جنوری 2021 میں ریلیز ہونے والی اس ویب سیریز کا نام طئے کیا جاچکا ہے۔
فلم گو گوا گون سے شہرت حاصل کرنے والے ہدایتکار راج ندی مورو اور کرشنا ڈی کی جوڑی ایک بار پھر ایک زبردست ہٹ دینے کے لیے تیار ہے۔ایمیزون پرائم پر ریلیز ہونے والی یہ ویب سیریز اس وقت سرخیوں میں آئی تھی، جب شاہد اور سیتھوپتی کے ایک ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پہلا قدم رکھنے کی بات منظر عام پر آئی تھی۔ واضح رہے کہ اس شو کے ذریعہ دونوں اداکار پہلی بار ڈیجیٹل دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں۔
اب تک جہاں اس ویب سیریز کے میکرز نے اس شو کے حوالے سے خاموشی اختیار کی ہوئی تھی لیکن ایک ویب میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کی ٹیم نے سیریز کے لیے ایک ٹائٹل فائنل کرلیا ہے اور اس سیریز کا نام 'گوار' ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق شاہد جنوری سے اس کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔ ممبئی اور گوا کے مختلف علاقوں میں اسے فلمایا جائے گا۔