دھرمیندر کی پیدائش آٹھ دسمبر سنہ 1935 کو پنجاب کے ضلع لدھیانہ میں ہوئی تھی۔ انھوں نے بھارتی فلم صنعت میں کافی محنت و مشقت اور اپنی ضد سے یہ نام کمایا ہے۔
دھرمیندر کی اداکاری سے سجی فلموں کو لوگوں نے بھی خوب سراہا ہے اور ان کا بالی ووڈ میں ایک الگ مقام ہے۔ دھرمیندر کے دونوں بیٹے سنی اور بابی بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چل کر بالی ووڈ میں کافی نام کمایا ہے۔
حال ہی میں دھرمیندر کے پوتے کرن دیول نے بھی بالی ووڈ میں انٹری کی ہے حالانکہ کرن کی یہ فلم پردے پر کچھ خاص دم نہیں دکھا پائی۔
آج دھرمیندر بھلے ہی فلمی دنیا سے دور ہوں لیکن وہ سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتے ہیں جس میں وہ اپنی باتوں اور خیالات کا کھل کا اظہار کرتے ہیں اور اپنی پسندیدہ تصاویر سے مداحوں کو لطف اندوز کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ دھرمیندر کا اصل نام دھرم سنگھ دیول ہے ان کا کوئی فلمی بیک گراؤنڈ نہیں تھ اور ان کے والد ایک اسکول کے ہیڈ ماسٹر تھے۔
کہا جاتا ہے کہ مشہور اداکارہ سریا کی فلم 'دل لگی' انھیں کافی پسند تھی۔ یہ فلم دیکھنے کے بعد ہی دھرمیندر نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا۔
دھرمیندر کے لیے فلمی دنیا میں قدم رکھنا اتنا آسان نہیں ثابت ہوا، اپنے شروعاتی دور میں انھوں نے کئی راتیں بنا کھائے پیے گزاری ہے اور وہ پروڈیوسر کے دفاتر پر پیدل ہی چکر لگایا کرتے تھے۔
دھرمیندر کی پہلی فلم 'دل بھی تیرا ہم بھی تیرے' سنہ 1960 میں ریلیز ہوئی تھی لیکن ان کی پہلی ہٹ فلم پھول اور پتھر تھی اور اس فلم میں بغیر شرٹ کے ایک سین دینے پر ان پر کافی اعتراض بھی کیے گئے تھے۔
سنہ 2004 میں دھرمیندر نے سیاست میں قدم رکھا اور بی جے پی کے ٹکٹ پر انھوں نے بیکانیر سے انتخاب لڑا اور ان کی فتح بھی ہوئی۔
دھرمیندر کی شخصیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا کہ ٹائمس میگزین نے دنیا کے 10 خوبصورت مردوں کی فہرست میں ابتدائی نمبروں میں جگہ دی تھی۔