ہندی فلموں میں ہر طرح کے کردار کو حقیقت کا رنگ دینے والے مشہور اداکار آیوشمان کھرانہ بھوپال میں اب اپنی آئندہ فلم 'ڈاکٹر جی' کی شوٹنگ کے لیے تیار ہیں۔ اداکار 12 جولائی کو جھیلوں کے شہر بھوپال پہنچے اور وہ جلد ہی اپنی اس فلم کی شوٹنگ شروع کردیں گے جس کی ہدایتکاری انوبھوتی کشیپ کریں گے۔ اس فلم میں راکول پریت سنگھ بھی مرکزی کردار میں نظر آنے والی ہیں۔
آیوشمان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعہ مداحوں کو اپنی آئندہ فلم 'ڈاکٹر جی' کے حوالے سے جانکاری شیئر کی۔ آیوشمان نے اپنی اسٹوری میں ممبئی ایئرپورٹ میں لی گئی چند ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی آئندہ فلم 'ڈاکٹر جی' کے لیے بھوپال کا سفر طے کرنے والے ہیں۔ آیوشمان نے اس اسٹوری میں اپنے بھوپال پہنچنے کے سفر اور بھوپال کے ہوٹل میں ہوئے ان کے استقبال کی بھی تصویر شیئر کی جہاں وہ کچھ دنوں تک قیام کرنے والے ہیں۔
'ڈاکٹر جی' ایک کامیڈی ڈرامہ فلم ہے اور اس فلم کے ذریعہ ہدایتکار انوراگ کشیپ کی چھوٹی بہن انو بھوتی کشیپ بھی بطور ہدایتکار بالی ووڈ میں قدم رکھنے جارہی ہیں۔ اگر بات کریں کہ آیوشمان نے کیوں اس فلم کے لیے حامی بھری تو بتادیں کہ اداکار نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اس فلم کی اسکرپٹ پڑھتے ہی انہیں 'ڈاکٹر جی' کی کہانی سے محبت ہوگئی کیونکہ اس سے قبل ایسی کوئی فلم کبھی بنی ہی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:دلیپ کمار کی خصوصی قیام گاہ 'دلیپ ہٹ' پہلگام میں موجود
آیوشمان نے بتایا تھا کہ 'اس کی کہانی بہت انوکھی اور آج کے جدید ترین زمانے کے مطابق ہے جو آپ کو ہنسائے گی اور آپ کو سوچنے پر بھی مجبور کردے گی۔ میں ڈاکٹر کا کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش ہوں کیونکہ یہ میرے کیریئر کی پہلی فلم ہے جس میں، میں ڈاکٹر کے کوٹ میں نظر آؤں گا اور ساتھ میں ایک پیغام دینے کی بھی کوشش کروں گا'
بطور ہدایتکار بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی انوبھوتی کشیپ نے ایک بار کہا تھا کہ 'ایک کامیڈی فلم ہونے کے باوجود 'ڈاکٹر جی' میں ایسے کئی عناصر موجود ہیں جو گھریلو اور نوجوان ناظرین کو یکساں طور پر اپنی طرف راغب کریں گے۔ میں پورے جوش کے ساتھ اس فلمسازی کے سفر پر قدم رکھ رہی ہوں اور اس پروجیکٹ نے جلد ہی فلم شوٹنگ کو لے کر مجھ میں ایک امنگ بھردی ہے۔ میں جنگلی پکچرز اور باصلاحیت اداکار آیوشمان کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں۔ یہ فلم یقیناً دلچسپ ہے کیونکہ یہ فیملی اور نوجوان نسل کو یکساں طور پر متاثر کرے گی۔
واضح رہے کہ کشیپ اس سے قبل 'ڈارک کامیڈی' 'افسوس' اور 'مختصر فلم 'موئی مرجانی' کی ہدایتکاری کرچکی ہیں۔