انوراگ کشیپ اور تاپسی پنو سے محکمہ انکم ٹیکس نے تقریباً رات 11 بجے تک پوچھ گچھ کی۔ محکمہ انکم ٹیکس کی تلاشی مہم کل جمعرات کو بھی ان ستاروں کے گھر پر جاری رہے گی۔
ممبئی میں محکمہ انکم ٹیکس نے کل بالی ووڈ کے فلمساز انوراگ کشیپ، وکاس بہل اور اداکارہ تاپسی پنو کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ فلمساز مدھو مانٹے کی رہائش گاہ اور دفتر کی بھی تلاشی لی گئی۔
محکمہ آئی ٹی کے مطابق یہ چھاپے ماری ٹیکس چوری کی صورت میں کی گئی۔ فینٹم فلمز کے دفتر اور دیگر 22 مقامات پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔
مدھو مانٹے کی ٹیلنٹ مینجمنٹ کمپنی کے دفتر پر بھی انکم ٹیکس محکمہ کے افسران پہنچ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ فلمساز انوراگ کشیپ، وکرم آدتیہ موٹوانی، پروڈیوسر مدھو مانٹے اور یو ٹی وی اسپاٹ بوائے کے سابق سربراہ وکاس بہل نے مل کر فینٹم فلمز پروڈکشن ہاؤس قائم کیا تھا۔ اس بینر کے تلے ہنسی تو پھنسی اور شاندار جیسی فلموں کو بنایا گیا تھا۔
ہدایتکار وکاس بہل کے خلاف جنسی زیادتی کی شکایت سامنے آنے کے بعد سنہ 2018 میں اس کمپنی کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
فینٹمز فلمز پروڈکشن ہاؤس کے بند ہونے کے بعد فلمساز انوراگ کشیپ نے اپنی نئی پروڈکشن کمپنی 'گڈ بیڈ فلمز' کو لانچ کیا تھا۔