شجیت سرکار کی ہدایت میں بننے والی فلم گلابو ستابو کی شوٹنگ کے لئے امیتابھ بچن لکھنؤ پہنچے ہیں اور لکھنؤ کے فائیو اسٹار ہوٹل میں مقیم ہے۔ ہوٹل کا اسٹاف انہیں سب سے لذیذ اودھی کھانا کھلانا چاہتا ہے لیکن ہوٹل کے اسٹاف کا یہ خواب پورا نہیں ہوسکا۔
امیتابھ بچن کے بارے میں ایک اسسٹنٹ شیف نے بتایا کہ 'ہمارا منصوبہ تھا کہ ہم امیتابھ بچن کو کباب اور مٹن کے کھانے کھلائیں گے جیسے نہاری، لیکن وہ سبز غذا کھانا پسند کرتے ہیں ،وہ صبح کے ناشتے کے دوران ایک گلاس دودھ اور بغیر مرچ والی انڈوں کی بھرجی ہی لیتے ہیں۔ لنچ کے دوران دو سے تین روٹیاں، دال اور سبز سبزیاں ہی کھانا پسند کرتے ہیں اور چاول کھانے سے گریز کرتے ہیں'۔
شیف نے بتایا کہ امیتابھ بچن نے صرف ایک دن پنیر بھرجی کے لئے کہا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کبھی کچھ کھانے کی ڈیمانڈ نہیں کی۔ جب وہ شوٹنگ سے دیر سے آتے ہیں تو کھانے میں صرف سوپ لیتے ہیں۔ یہاں تک کہ کچھ دن انہوں نے صرف سوپ ہی لیا اور کھانے سے پرہیز کیا۔
فلم عملہ کے ایک ممبر نے بتایا کہ امیتابھ بچن شوٹ پر سب سے زیادہ سادگی پسند اداکار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ کبھی شوٹ پر کسی خاص کھانے کے لئے کوئی درخواست نہیں کرتے بلکہ وہ صرف مرمرے اور چنے جو سیٹ پر سب کے لئے ہوتے ہے وہی کھاتے ہیں۔