گورکھپور: اگست کے مہینے میں آسمان پر کئی فلکیاتی واقعات رونما ہوئے ہیں۔ اس دوران چندریان 3 بھی چاند کے جنوبی قطب پر اترا ہے۔ اس کے بعد چاند کے تئیں لوگوں میں کافی کشش پیدا ہو گئی ہے۔ اب آج بروز بدھ 30 اگست کو ایک اور فلکیاتی واقعہ رونما ہونے جا رہا ہے جب رات کو آسمان پر سپر بلیو مون کا نظارہ دِکھے گا۔
اسے بلیو مون کیوں کہا جاتا ہے؟
گورکھپور کے ویر بہادر سنگھ تارا منڈل (پلینیٹیریم) کے ماہر فلکیات امرپال سنگھ نے بتایا ہے کہ جب ایک مہینے میں دو پورے چاند ہوتے ہیں تو دوسرے پورے چاند کو بلیو مون یا سپر بلیو مون کہا جاتا ہے۔ انہوں نے چاند کی رنگت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو اس کے رنگ میں ہلکی سی تبدیلی دیکھے تو یہ سمجھیں یہ تبدیلی فضا میں موجود دھول، گیس کے چھوٹے ذرات پر پڑنے والی روشنی کے بکھرنے کی وجہ سے ہے۔ یہ صرف ایک فلکیاتی واقعہ ہے جو چند برسوں کے وقفوں سے ہوتا رہتا ہے۔ واضح رہے کہ اس ماہ اگست کی پہلی تاریخ کو پورا چاند ہوا تھا اور اسی مہینے کا دوسرا پورا چاند ایک بار پھر 30 اگست 2023 کی رات کو نظر آئے گا۔ اسے سپر بلیو مون کہا جاتا ہے۔ اگلی بار یہ فلکیاتی واقعہ 19 یا 20 اگست 2024 کو ہو گا۔
بلیو مون کب دیکھیں؟
اگرچہ آپ اسے شام کے وقت دیکھنا شروع کر سکتے ہیں لیکن 09:30 پر یہ اپنے عروج پر پہنچنا شروع کر دے گا اور اس کے بعد اسے رات بھر دیکھا جا سکے گا۔
بلیو مون دیکھنے کا طریقہ
آپ رات کے آسمان کو دیکھتے ہوئے اپنی سادہ آنکھوں سے چاند کے سائز اور چمک میں تبدیلی آسانی سے دیکھ سکتے ہیں۔ ماہر فلکیات امر پال سنگھ نے بتایا کہ اگر آپ خصوصی دوربین کے ذریعے اس واقعہ کو قریب سے دیکھنا چاہتے ہیں تو آپ مفت میں ویر بہادر سنگھ نکشتر شالا (پلینیٹیریم) گورکھپور آسکتے ہیں اور شام کو اس فلکیاتی واقعہ کو دیکھ سکتے ہیں۔ آپ اس فل مون یا بلیو مون/سپر بلیو مون کے بارے میں تفصیلی جانکاری بھی حاصل کر سکتے ہیں۔