ریاست بہار کے کیمور ضلع میں ایس پی دلنواز احمد کے نام سے سوشل میڈیا پر فرضی اکاؤنٹ بنا کر مسلسل انہیں بدنام کرنے والے شخص کو پولس نے 15 دن کے بعد اس کی رہاٸش سے گرفتار کر لیا۔
یہ گرفتاری گزشتہ رات ہوئی، گرفتار شخص کی پہچان ہندو وادی تنظیم کے کارکن کے طور پر کی گٸی جس کا نام انکور شرما ہے۔
واضح رہے کہ انکور شرما پہلے بھی سوشل میڈیا پر متعدد مرتبہ اشتعال انگیز بیانات اور نازیبا لفظ کا استعمال کرتا رہتا تھا۔
چند ماہ قبل مقامی دانشوروں کی شکایت پر بھبھوا ایس ڈی پی او اجے پرساد نے گرفتار کیا تھا اور معافی کے بعد چھوڑ دیا تھا لیکن اس کے باوجود انکور میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔
تقریبا 15 روز قبل فیس بک پر انکور شرما نے ایس پی دلنواز احمد کے نام سے ایک فرضی اکاؤنٹ بنا کر ان کی تصویر بھی پروفاٸل پر اپلوڈ کی جس کے بعد اس آئی ڈی سے مسلسل کئی لوگوں کو فرینڈ ریکویسٹ بھی بھیجی تھی۔
اس کے بعد سے دو طبقہ کے بیچ متنازع تصویروں کے ساتھ اپلوڈ کرکے ایس پی کو بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی۔
تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ انکور شرما فی الوقت دو آئی ڈی چلاتا ہے ایک انکور مہا دیوا کے نام پر، پولس نے انکور شرما کے ساتھ شبھم پانڈے نام کے بھی ایک لڑکے کو گرفتار کیا ہے۔