واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے پیر کے روز گجرات کے موربی شہر میں پل گرنے سے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہرے تعزیت کا اظہار کیا۔ ایک صدی سے زائد پرانے پل کو پانچ روز قبل مرمت اور تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ تاہم اتوار کی شام پل پر لوگوں کی بڑی تعداد کے باعث پل گر گیا اور اب تک اس حادثے میں 130 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ آج ہمارے دل بھارت کے ساتھ ہیں۔ جِل اور میں گجرات کے لوگوں کے غم میں ان کے ساتھ ہیں اور ان خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے پل گرنے سے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ امریکہ اور ہندوستان ناگزیر شراکت دار ہیں، ہمارے شہریوں کا گہرا رشتہ ہے۔ ہم ہندوستانیوں کے ساتھ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مرنے والوں میں سے ہر ایک کے لواحقین کے لیے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ (PMNRF) سے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50،000 روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ گجرات حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گجرات کے موربی میں پل گرنے کے ایک دن بعد پل مرمت کرنے والی کمپنی کے دو اہلکاروں سمیت نو افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Morbi Tragedy in Gujarat گجرات پُل سانحہ پر عالمی رہنماؤں کا اظہار تعزیت