نئی دہلی: پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے 4 تا 5 مئی کو بھارت آئیں گے۔ پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ آئندہ ماہ بھارت کے شہر گووا میں 4 اور 5 مئی کو ہونے والے ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ واضح رہے کہ بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بشمول پاکستان کے بلاول بھٹو زرداری اور چین کے کن گینگ کو مئی میں ہونے والی اعلیٰ سطحی میٹنگ کے لیے مدعو کیا تھا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا آخری اجلاس ازبکستان کے شہر سمرقند میں ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
- بھارت نے ایس سی او اجلاس میں پاکستان کے چیف جسٹس اور وزیر خارجہ کو مدعو کیا
- شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارت نے پاکستانی وزیر دفاع کو بھی مدعو کیا
پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 4 اور 5 مئی کو گوا میں ہونے والی ایس سی او کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ 2011 میں حنا ربانی کھر کے بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ بھارت ہوگا۔ کھر اس وقت وزیر مملکت برائے امور خارجہ تھی۔ واضح رہے کہ جون 2001 میں شنگھائی میں قائم ہونے والی ایس سی او کے آٹھ مکمل اراکین ہیں، جن میں اس کے چھ بانی اراکین، چین، قزاقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان 2017 میں مکمل رکن کے طور پر شامل ہوئے۔ ایران اس کا رکن بننے والا تازہ ترین ملک ہے اور ہندوستانی صدارت میں پہلی دفعہ ایک مکمل رکن کے طور پر گروپنگ کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔