کھٹمنڈو: نیپال کے صدر رام چندر پوڈیل کو علاج کے لیے ہوائی جہاز سے بھارت لایا جا رہا ہے۔ انھیں طبی ایمرجنسی کی وجہ سے ایئرلفٹ کیا جا رہا ہے۔ صدر کے میڈیا ایڈوائزر کے مطابق پوڈیل کو دہلی ایمس میں داخل کرایا جائے گا۔ 78 سالہ صدر پوڈیل کو سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد ایک ماہ کے اندر دوسری بار منگل کو نیپال کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ رام چندر پوڈیل کو سانس لینے میں تکلیف اور بے ہوش ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد اس کے پھیپھڑوں میں انفیکشن پایا۔ اسے دوائیں دی گئیں لیکن ان کی صحت میں کوئی خاص بہتری نہیں آئی۔
کھٹمنڈو پوسٹ نے صدر کے میڈیا ایڈوائزر کرن پوکھرل کے حوالے سے کہا کہ پوڈیل کا نئی دہلی کے ایمس میں علاج ہوگا۔ پوڈیل کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے بھارت لایا جا رہا ہے۔ منگل کو وزیر اعظم پشپا کمل دہل، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع پورن بہادر کھڑکا اور دیگر رہنماؤں نے پوڈیل کی صحت کے بارے میں دریافت کیا تھا۔ نیپال کے صدر رام چندر پوڈیل کو پھیپھڑوں میں انفیکشن کی تشخیص کے بعد ایئر ایمبولینس کے ذریعے نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخل کرایا جائے گا۔حکام نے اس کی تصدیق کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے بیمار چل رہے تھے۔ نیپال میں علاج کے دوران ان کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ اس کے بعد انہیں دہلی کے ایمس میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
Nepal New President رام چندر پوڈیل نیپال کے نئے صدر منتخب
واضح رہے کہ 13 مارچ کو نیپالی کانگریس کے سینئر رہنما رام چندر پوڈیل نے نیپال کے صدر کے طور پر حلف لیا تھا۔ نیپال کے الیکشن کمیشن کے مطابق، پوڈیل نے انتخابات میں 33,802 ووٹ حاصل کیے تھے جب کہ ان کے حریف سبھاش چندر نیمبانگ نے 15,518 ووٹ حاصل کیے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی پارلیمنٹ کے 313 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ لیا جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے 518 ارکان نے بھی صدر کے انتخاب کے لیے انتخابی عمل میں حصہ لیا تھا۔ آٹھ جماعتوں نے پاؤڈیل کی حمایت کی تھی۔