ریاض: سعودی نے اسرائیلی کاروائی کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے، جب کہ دوحہ نے کشیدگی میں اضافے سے خبردار کیا ہے اور ایران اسے ناقابل قبول و شرناک فعل قرار دیا ہے۔ وہیں متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش اب تک خاموش ہیں۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے فلسطینی شہر پر اسرائیلی قابض افواج کے حملے کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ریاض نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس طرح کی کشیدگی کو روکے۔
مصر کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی چھاپے کی مذمت کی ہے اور اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اس کارروائی سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا، جس سے قاہرہ کی امن قائم کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔ قطر کی وزارت خارجہ نے اس چھاپے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے مسلسل اور منظم جرائم کی توسیع قرار دیا۔ دوحہ اسرائیل کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے نتیجے میں فلسطینی علاقوں میں کشیدگی میں اضافے سے خبردار کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایسے اسرائیلی حملوں کو روکنے اور فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے نابلس پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی اور وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے گزشتہ مہینوں میں مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی مجرمانہ سرگرمیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خطرناک رجحان کا جاری رہنا ناقابل قبول اور شرمناک ہے۔ اردن نے بھی فلسطین کے شہر نابلس میں چھاپے پر اسرائیل کی مذمت کی ہے۔ ملک کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس نے مقبوضہ فلسطینی شہروں میں اسرائیلی دراندازی کی مسلسل مذمت کی ہے۔ اردن نے اسرائیل پر اپنے مطالبے کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ایسی کارروائیاں بند کرے تاکہ مزید کشیدگی سے بچا جا سکے، جس سے دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
- Israel Bombs Gaza Strip نابلس میں مہلک کاروائی کے بعد اسرائیل کی غزہ پٹی پر بمباری
- Israeli Forces Kill Palestinians مغربی کنارے پر اسرائیلی فائرنگ سے دس فلسطینی جاں بحق، متعدد زخمی
- Israeli attacks on Palestine: فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور مغربی ممالک کا دوہرا پن
قابل ذکر ہے کہ اسرائیل کے ساتھ ابراہم معاہدے پر دستخط کرنے والے متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش نے اب تک اس حملے کی مذمت میں ساتھی عرب ریاستوں میں شامل ہونے سے گریز کیا ہے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ علاقوں میں 2023 کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 13 بچوں سمیت 62 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ سال مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 30 سے زائد بچوں سمیت تقریباً 171 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔