تہران: ایران میں سیلاب Flood in Iran کا قہر جاری ہے۔ ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے ریسکیو اینڈ ریلیف اتھارٹی کے سربراہ نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے متعدد صوبوں میں ہلاکتوں کی تعداد 56 ہو گئی ہے جب کہ 18 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی 'ارنا' نے مہدی ولی پور کے حوالے سے بتایا کہ "23 جولائی سے اب تک 21 صوبوں کو سیلاب نے اپنی زد میں لے لیا ہے اور جمعے کی شام کو ہونے والی طوفانی بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے راستان، تہران، یزد، اصفہان، چہارمحل اور بختیاری میں درجنوں مقامات زیر آب آگئے۔ ایرانی اہلکار نے بتایا کہ طوفان اس وقت یزد، چارمحل اور بختیاری صوبوں میں قبائل کے آباد علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
موسلا دھار بارش کی لہر نے ایران کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر سیلابی ریلے پھوٹ پڑے۔ کچھ دریاؤں میں طغیانی آگئی جس نے ملک کے بیشتر اضلاع کے کئی علاقوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج کے کمانڈر عبدالرحیم موسوی نے جمعہ کے روز ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کے بعد زمینی افواج کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مداخلت کرنے کی ہدایت کی۔ گذشتہ ہفتے جنوبی فارس صوبے میں آنے والے سیلاب سے 22 افراد ہلاک اور صوبے کے 24 دیہات متاثر ہوئے۔ اس ہفتے کا طوفان گزشتہ دہائی میں ایران میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں میں سب سے مہلک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Building Collapse in Iran: ایران میں عمارت گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 32 ہو گئی
2019 میں جنوبی شہر شیراز میں اچانک سیلاب سے کم از کم 21 افراد ہلاک ہوئے۔ دو سال قبل اسی طرح کے طوفان نے شمال مغربی ایران میں 48 افراد کی جان لے لی تھی۔ حکام نے گذشتہ ہفتے تہران کے بعض علاقوں کے رہائشیوں کو شدید بارش اور ممکنہ سیلاب سے خبردار کیا تھا۔ اس کے علاوہ آنے والے دنوں میں شدید بارشوں کا اندیشہ ہے۔ (یو این آئی)